عراقی فورسز کا الشرقاط پر کنٹرول
دہشتگرد گروہ داعش کے زیر قبضہ علاقے الحویجہ کو بازیاب کرانے کے لیے دو دن قبل ہی کارروائی شروع کی گئی تھی اور الشرقاط کے مقام سے داعش دہشتگردوں کی پسپائی ایک اہم پیشرفت ہے۔
اس کارروائی میں عراقی فوج کے ساتھ عوامی رضا کار فورسز نے بھی حصہ لیا۔
واضح رہے کہ چند روز قبل عراقی وزیراعظم حیدرالعبادی نے داعش کے قبضے سے صوبہ الانبار کے مغربی علاقوں کی آزادی کے لئے کارروائیوں کے آغاز کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھاکہ ایک اور کامیابی جلد ہی نصیب ہونے والی ہے۔
عراقی وزیراعظم نے اس بات پر زوردیتے ہوئے کہ عراق کے چپے چپے سے داعش اور دیگر دہشت گردوں کا مکمل صفایا ہونے تک فوجی آپریشن جاری رہے گا کہا کہ جلد ہی ایک اور کامیابی ملنے والی ہے اور تکفیری دہشت گردوں کے پاس ہلاکت کے سوا اور کوئی راستہ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ عراق کا چپہ چپہ دہشت گردوں اور جارح شیطانوں سے پاک کیا جائےگا۔
حیدرالعبادی نے ساتھ ہی خداوندعالم سے عراقی فوجی جوانوں کی کامیابی اورعراق کا پرچم بلند رکھنے میں ان کے عزم و حوصلے کی تقویت کی دعا بھی کی تھی۔








