علامہ حامد موسوی نے محرم الحرام کی مناسبت سے ۱۴ نکات پیش کردیئے
شیعیت نیوز: تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کے سربراہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے محرم الحرام کے لئے چودہ نکاتی ضابطہ عزاداری جاری کردیااور کہا ہےکہ روہنگیا مسلمانوں پر ہونے والے مظالم پر او آئی سی کو زندہ کرنے کی ضرورت ہے۔
او آئی سی کو ویٹو کا حق دیا جائے ،مسلمانوں کو تقسیم کرکے ان پر حکومت کرنے کی پالیسی پر عمل جاری ہے،سانحہ عاشورہ راجہ بازار پاکستان کو انتشار سے دوچار کرنے کی بڑی سازش تھی، محرم میں علماء ذاکرین پر پابندی لگانا بنیادی حقوق کو سلب کرنا ہے، کوئٹہ تفتان بارڈر پر زائرین کے مسائل حل کئے جائیں ،حکومت پاناما کیس کا فیصلہ قبول کرے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو ہیڈ کوارٹرمکتب تشیع میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
سید حامد علی شاہ موسوی نے کہا کہ باطل قوتیں اچھی طرح جان لیں عزادارای میں کسی قسم کی رخنہ اندازی برداشت نہیں کی جائے گی ،انہوں نے کہا کہ سانحہ عاشورہ راولپنڈی کے الزام میں گرفتار بے گناہ افراد کو فوری بری کر کے اصل مجرموں کو کیفر کردار تک پہنچایاجائے۔ حامد موسوسی نے ضابطہ عزاداری کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ عساکر پاکستان اندرونی و بیرونی دشمنوں سے نبرد آزما ہیں ،سرکاری طور پر کالعدم قراردی جانیوالی تنظیموں کو حکومت آہنی شکنجے میں جکڑے،مسلمہ مکاتب میں سے کسی کو بھی غیر مسلم کہنا قابل تعزیر جرم قراردیا جائے۔ قرب و جوار کی عمارتوں اور خالی مقامات کی خصوصی دیکھ بھال کی جائے،عزاداری کے پروگراموں کی ویڈیو فلم بنائی جائے،مجالس اور ماتمی جلوسوں کے داخلی و خارجی راستوں پر سی سی ٹی وی کیمرے اور واک تھرو گیٹ نصب کیے جائیں،علماء و ذاکرین اپنے خطابات میں قومی سلامتی اور اخوت و یگانگت کو ترجیح دیں ،اشتعال انگیزی سے اجتناب کریں اور شہدائے کربلا کی قربانیوں کا مثبت انداز میں پر چار کریں۔عشرہ محرم کے دوران الیکٹرانک میڈیا پر موسیقی ،ڈرامے ، طربیہ پروگرام بند رکھے جائیں اور شہدائے کربلا کی قربانیوں کو اُجاگر کیا جائے،مجالس اور عزاداری کے جلوسوں کو بھرپور کوریج دی جائے ،سیاسی جماعتیں عشرہ محرم کے دوران سیاسی سرگرمیاں معطل رکھیں،مجالس اور ماتمی جلوسوں کے دوران بجلی اور گیس کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے ،علماء و ذاکرین پر پابندی اور زبان بندی کے بجائے انہیں ضابطہ عزاداری کا پابند بنایا جائے ،حکومت سرکاری طور پر قائم کیے جانیوالے محرم کنٹرول رومز کو حسب سابق 8ربیع الاول تک تحریک نفاذِ فقہ جعفریہ کے مرکزی کنٹرول روم کیساتھ مربوط رہنے کی ہدایت کرے۔








