یمن میں ہیضہ کی وبا زیادہ شدت اختیار کر سکتی ہے اقوام متحدہ
غیر ملکی میڈیا کے مطابق جمعہ کو یونیسف کے حوالے سے اقوام متحدہ نے بتایا ہے کہ ستمبر تک یمن میں اس وبا میں مبتلا ہونے والے افراد کی تعداد تین لاکھ سے تجاوز کر سکتی ہے۔
اقوام متحدہ کے ذیلی ادارے یونیسف کے مطابق جنگ زدہ ملک یمن میں اس وقت ہیضے سے متاثرہ افراد کی تعداد ایک لاکھ نوے ہزار ہے تاہم صورتحال کی ابتری کے باعث اس میں اضافہ متوقع ہے۔
جبکہ اس وبا کی وجہ سے اب تک ایک ہزار پینسٹھ افراد جاں بحق ہو چکے ہیں، اور لاتعداد افراد اسپتالوں میں زیرعلاج ہیں اور موت وزیست کی کشمکش میں ہیں، جبکہ متاثرہ افراد کی بڑی تعداد بچوں اور عورتوں پر مشتمل ہے۔
واضح رہے کہ یمن پر سعودی عرب کی جارحیت کے بعد اس ملک میں جہاں ہزاروں افراد سعودی جارحیت میں شہید اور زخمی ہو چکے ہیں وہیں لاکھوں افراد متاثر ہوئے اور سعودی عرب اور اس کے اتحادی بدستور یمن پر جارحیت کر رہے ہیں۔








