پاکستان

گرفتاریوں کا سلسلہ روکا نہ گیا تو سنگین نتائج برآمد ہونگے، سید علی گیلانی

شیعیت نیوز: جموں و کشمیر کل جماعتی حریت کانفرنس (گ) کے چیئرمین سید علی گیلانی نے شہر خاص کے نوہٹہ، مہاراج گنج، صفاکدل اور خانیار پولیس تھانوں کی طرف سے نوجوانوں اور خاص طور سے طالب علموں کو ہر جمعہ اور ہر اتوار کو تھانے پر حاضری دینے کے لئے مجبور کرنے اور وہاں ان کی تذلیل کرنے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس نہ صرف طالب علموں کو جان بوجھ کر اشتعال دلا رہی ہے، بلکہ وہ ان کے کیرئیر کو بھی مخدوش بنا رہی ہے۔ سرینگر سے جاری اپنے ایک بیان میں سید علی گیلانی نے کہا کہ چھوٹے بچوں کو ’’پشت بہ دیوار‘‘ کرنے کی پالیسی ہر حیثیت سے غیر دانشمندی ہے اور اس کا کوئی آئینی یا اخلاقی جواز بھی نہیں ہے۔

بیان کے مطابق پولیس تھانوں میں بعض طالب علموں کے فوٹو تک چسپاں کئے گئے ہیں اور یہ معاملہ ان کی نفسیات کو بُری طرح سے متاثر کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ طالب علموں کے بعض والدین نے حریت کے پاس شکایت کی کہ ان کے بچوں کی اگرچہ عدالتوں سے ضمانتیں بھی ہوئی ہیں، البتہ انہیں اس کے باوجود ان تھانوں پر حاضری دینے کے لئے مجبور کیا جاتا ہے اور بعض دفعہ ایک تھانے سے خلاصی حاصل کی جاتی ہے تو دوسرے تھانے سے بلاوا آجاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ سارا سلسلہ طالب علموں کو اشتعال دینے کا باعث بن جاتا ہے اور وہ احتجاج کرنے پر آمادہ ہوجاتے ہیں۔ حریت کانفرنس (گ) کے بیان میں حکومت کو خبردار کیا گیا کہ وہ مذکورہ تھانوں کے پولیس افسروں کو یہ حماقت کرنے سے فوری طور پر نہیں روکتی تو اس کے سنگین نتائج برآمد ہوں گے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button