سعودی عرب

سعودی ہٹ دھرمی کی وجہ سے ۵۵۰ پاکستانی دوحہ ائیر پورٹ پر پھنس گئے

شیعیت نیوز: قطری دارالحکومت دوحہ میں دو روز سے محصور 550 پاکستانی عمرہ زائرین کو عمان ایئرویز کے ذریعے سعودی عرب پہنچانے کے انتظامات کرلیے گئے۔

واضح رہے کہ سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور مصر سمیت متعدد ممالک کی جانب سے قطر سے سفارتی تعلقات ختم کرنے کے بعد عمرہ کے لیے براستہ قطر سعودی عرب کا سفر کرنے والے پاکستانی زائرین دوحہ میں محصور ہوگئے تھے۔

قطر میں پاکستانی سفارت خانے کی سینئر عہدیدار سعدیہ خرم نے ڈان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دوحہ ایئر پورٹ پر پھنسے پاکستانیوں کو سعودی عرب پہنچانے کے لیے تمام ابتدائی انتظامات قطر ایئر لائن کی جانب سے کیے گئے۔

ان کا کہنا تھا کہ ‘تمام پاکستانی عمرہ زائرین کو سعودی عرب پہنچانے کے لیے عمان کی قومی ایئرلائن کی خدمات حاصل کی گئیں’۔

سعدیہ خرم کے مطابق ‘پہلے مرحلے میں 400 پاکستانیوں کو صبح 7 بجے خصوصی طیارے سے مسقط لے جایا گیا جس کے بعد بقیہ 150 مسافروں کو بھی عمان ایئرویز کے ذریعے دوپہر 2 بج کر 30 منٹ پر مسقط لے جایا گیا جہاں سے زائرین کو سعودی عرب پہنچا دیا جائے گا’۔

انہوں نے کہا کہ ‘پاکستانی مشن دوحہ، عمان اور سعودی سفارت خانوں سے رابطے میں ہے، جبکہ مسقط انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر بھی پاکستانی سفارتی مشن کا عملہ پاکستانی عازمین کو رہنمائی فراہم کررہا ہے’۔

دوسری جانب دوحہ میں پاکستانی سفارت خانہ کی جانب سے پاکستانی شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ قطراور خلیجی ممالک کے درمیان کشیدہ صورتحال کے سبب سعودی عرب جانے والے لوگ قطر ایئرویز یا قطر سے سعودی عرب جانے والی دیگر پروازوں کے ذریعے سفر سے گریز کریں۔

یاد رہے کہ اس سے قبل پاکستانی زائرین کے لیے پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) نے خصوصی پروازیں چلانے کا اعلان کیا تھا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق قومی ایئرلائن کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر (سی ای او) نیئر حیات نے زائرین کی واپسی کے لیے خصوصی پروازوں کا انتظام کرنے کی ہدایات جاری کرتے ہوئے دوحہ میں موجود پی آئی اے حکام کو پاکستانی سفارت خانے سے رابطہ کرنے کو کہا تھا۔

 

متعلقہ مضامین

Back to top button