اہم ترین خبریںدنیاسعودی عرب

انٹرنیشنل کانفرنس: جنت البقیع کی تعمیر کے لیے عالمی سطح پر آواز بلند

آیت اللہ سید حمید الحسن کی صدارت، علماء اور ذاکرین کی البقیع تحریک میں شمولیت

شیعیت نیوز : زوم کے ذریعے حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور حضرت امام حسن مجتبیٰ علیہ السلام کی جانگداز شہادت پر البقیع آرگنائزیشن شکاگو، امریکہ کی جانب سے ملکِ ہندوستان کے بزرگ عالمِ دین آیت اللہ سید حمید الحسن کی صدارت میں ایک عظیم الشان انٹرنیشنل کانفرنس منعقد ہوئی۔

البقیع آرگنائزیشن کے روحِ رواں علامہ سید محبوب مہدی عابدی نجفی نے کانفرنس کا آغاز اغراض و مقاصد بیان کرتے ہوئے کیا۔ مولانا موصوف نے فرمایا کہ خدا کا لاکھ لاکھ شکر ہے کہ اس نے جنت البقیع کی تحریک کو دنیا والوں تک پہنچانے کے لیے ایک مضبوط اور مستحکم، فعال ٹیم عطا کی ہے جو شب و روز بقیع کی تعمیر کے لیے سرگرمِ عمل ہے۔

مولانا محبوب مہدی عابدی نے فرمایا کہ ہمیں یقین ہے کہ جس طرح مومنین بقیع کے لیے دعائیں کر رہے ہیں اور ٹیم کے ممبران بڑے پیمانے پر اس امر میں کوشاں ہیں، ایک نہ ایک دن یہ کوشش ضرور کامیاب ہوگی اور وہاں ایک خوبصورت روضہ تعمیر ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں : مجلس علماء پاکستان کے زیر اہتمام استحکامِ پاکستان کانفرنس کا انعقاد

البقیع آرگنائزیشن کے اہم رکن اور مشہور شاعر جناب سید اشہر مہدی نے پیغمبر اسلام ﷺ اور امام حسنؑ کی بارگاہِ عصمت و طہارت میں خوبصورت اشعار پیش کیے اور فضائلِ امام حسنؑ پر روشنی ڈالی۔

ملکِ ہندوستان کے بزرگ عالمِ دین، مفکر و فیلسوف آیت اللہ سید حمید الحسن نے اپنی جامع تقریر میں فرمایا کہ پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے دو گراں قدر چیزیں چھوڑی ہیں: ایک قرآن اور دوسرے اہلبیتؑ۔ لیکن ایک تلخ حقیقت یہ ہے کہ کچھ لوگ قرآن سے محبت تو کرتے ہیں مگر اہلبیتؑ سے کما حقہ محبت نہیں کرتے۔ اگر تمام مسلمان اہلبیتؑ سے حقیقی محبت کرتے تو آج بقیع میں اہلبیتؑ کی قبریں ویران نہ ہوتیں۔

آیت اللہ سید حمید الحسن نے تمام علماء سے دردمندانہ اپیل کی کہ وہ البقیع آرگنائزیشن کی آواز کو دنیا تک پہنچائیں اور اس تحریک میں ساتھ دیں۔ انہوں نے مولانا محبوب مہدی عابدی، مولانا اسلم رضوی اور ٹیم کے دیگر ذمے داران کے لیے نیک خواہشات اور دعاؤں کا اظہار کیا۔

البقیع آرگنائزیشن کے فعال رکن عالی جناب سجاد لاکھانی نے تنظیم کی عالمی سطح پر سرگرمیوں کو بیان کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے اقوامِ متحدہ اور انسانی حقوق کی تنظیموں تک بقیع کے مظالم کی تفصیلات پہنچا دی ہیں اور بہت جلد وادی السلام کے قریب جنت البقیع کی شبیہ ایک روضے کی شکل میں تعمیر کرنے جا رہے ہیں۔

مولانا سید حیدر حسن آل نجم الملت نے اپنی تقریر میں اس ادارے کی تعریف کی اور کہا کہ یہ خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ انہوں نے محمد ابن عبد الوہاب کے ناپاک عزائم سے پردہ اٹھاتے ہوئے کہا کہ بقیع کا زخم اس وقت تک مندمل نہیں ہوگا جب تک وہاں روضہ تعمیر نہیں ہو جاتا۔

ذاکر اہلبیت سید صادق علی نے اپنی تقریر میں کہا کہ بقیع کی قبروں کو منہدم کرنے کے پیچھے اہلبیتؑ سے بغض و عناد ہے۔ انہوں نے کہا کہ البقیع آرگنائزیشن نے صرف احتجاج نہیں کیا بلکہ عالمی اداروں کے ذریعے اس تحریک کو مزید مضبوطی عطا کی ہے۔

شہر پونا سے مولانا اسلم رضوی نے اپیل کی کہ انصاف پسند لوگ بقیع کے لیے خاموش نہ بیٹھیں بلکہ اپنی استطاعت کے مطابق کوشش کریں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں کوشش کرنا ہے، نتیجہ دینا خدا کا کام ہے، کیونکہ اجر و ثواب عمل پر ملتا ہے نتیجے پر نہیں۔ مولانا نے تمام مقررین اور آیت اللہ سید حمید الحسن کا شکریہ بھی ادا کیا۔

متعلقہ مضامین

Back to top button