پاکستان

طالبان کے دہشتگرد احسان اللہ احسان کا ویڈیو اعترافی بیان جاری ، را سے رابطوں کو انکشاف

شیعیت نیوز: پاک فوج نے تحریک طالبان پاکستان(ٹی ٹی پی) کے سابق ترجمان ہزاروں پاکستانیوں کے قاتل احسان اللہ احسان کا اعترافی ویڈیو بیان جاری کردیا.

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری کی گئی ویڈیو میں احسان اللہ احسان کا کہنا تھا کہ انہوں نے 2008میں تحریک طالبان میں شمولیت اختیار کی۔

دہشتگرد احسان اللہ احسان نے ویڈیو میں اعتراف کیا کہ ٹی ٹی پی پاکستان کے خلاف اسرائیل سے مدد لینے کے لیے تیار تھی، کالعدم ٹی ٹی پی کے سابق ترجمان کا کہنا تھا کہ ہم اسلام کا نعرہ لگاتے تھے مگر اس پر عمل نہیں کرتے تھے۔

احسان اللہ احسان  نے کہا کہ طالبان کا رابطہ افغانستان کی خفیہ ایجنسی این ڈی ایس اور بھارتی خفیہ ادارے ’را‘ سے ہے۔

ویڈیو بیان میں ان کا مزید کہنا تھاکہ طالبان نے خاص طور پر نوجوان طبقے کو سوشل میڈیا کے ذریعہ گمراہ کرکے اپنے ساتھ ملایا۔

یاد رہے کہ 17 اپریل کو پاک فوج نے دعویٰ کیا تھا کہ کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے سابق ترجمان احسان اللہ احسان نے خود کو سیکیورٹی فورسز کے حوالے کردیا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل آصف غفور نے پریس بریفنگ کے دوران بتایا تھا کہ کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے سابق ترجمان اور جماعت الاحرار کے موجودہ لیڈر احسان اللہ احسان نے خود کو سیکیورٹی فورسز کے حوالے کردیا ہے جو کہ گزشتہ 15 سالوں کی قربانی کے بعد بڑی کامیابی ہے۔

یاد رہے کہ 2014 میں کالعدم تحریک طالبان میں انتشار کے بعد احسان اللہ احسان جماعت الاحرار کے ترجمان بن گئے تھے جو کہ اس وقت ٹی ٹی پی سے علیحدہ ہونے والا چھوٹا گروپ تھا۔

اس وقت احسان اللہ احسان کا یہ دعویٰ تھا کہ 70 سے 80 فیصد ٹی ٹی پی کمانڈرز اور جنگجو جماعت الاحرار میں شمولیت اختیار کرچکے ہیں۔

رواں برس فروری میں لاہور کے مال روڈ پر ہونے والے خود کش دھماکے کی ذمہ داری بھی جماعت الاحرار نے قبول کی تھی جس میں 13 افراد ہلاک اور 100 سے زائد زخمی ہوئے تھے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button