استقامتی معیشت بیرونی دباؤ سے ملک کو محفوظ کردے گی، صدرمملکت حسن روحانی
تہران میں اعلی سرکاری عہدیداروں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صدر حسن روحانی نے کہا کہ استقامتی معیشت پرعملدرآمد کا اہم ترین مقصد ملک کو بیرونی دباؤ کے مقابلے میں محفوظ بنانا ہے۔
انہوں نے پیداوار میں اضافے کو روزگار کی فراہمی اور اقتصادی ترقی کا زینہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ رہبر انقلاب اسلامی کے مقرر کردہ اہداف کو پورا کرنے کے لیے، روزگار فراہم کرنے والی اور تیز رفتار پیداوار کو یقینی بنانا ہوگا۔
صدر حسن روحانی نے کہا کہ روزگار کی فراہمی ایک دینی، ملی اور انقلابی فریضہ ہے اور ان کی حکومت نے رواں سال کے دوران روز کے سات لاکھ مواقع فراہم کرنے کا ہدف مقرر کیا ہے۔
انہوں نے جامع ایٹمی معاہدے کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اس معاہدے کا ایک مقصد ظالمانہ پابندیوں کی زنجیر کو توڑنا تھا اور ہم اس میں کامیاب ہوگئے ہیں۔
صدر ایران نے ملک میں عنقریب ہونے والے صدارتی اور بلدیاتی انتخابات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ، انتخابات، جمہوریت کی کنجی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایران کی حکومت عوام کی رائے اور انتخابات پر استوار ہے اور ملک و قوم کی تقدیر انتخابات سے وابستہ ہے۔
قابل ذکر ہے کہ ایران میں صدارتی اور بلدیاتی انتخابات آئندہ انیس مئی کو کرائے جائیں گے۔