عراق

عراقی فوج اور رضاکار فورسز کی کامیابیاں

عراقی فوج اورعوامی رضا کار فورسز نے موصل میں دہشتگرد گروہ داعش کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے متعدد علاقوں کو داعشی تکفیری دہشت گردوں سے مکمل طور پر آزاد کرا لیا ہے۔

تکفیری داعشی دہشت گردوں نے اتوار کے روز النبی یونس نامی علاقے پر حملہ کرکے متعدد نہتے شہریوں کو خاک وخون میں غلطاں کیا تھا تاہم عراقی فوج اورعوامی رضاکار فورسز نے دہشت گردانہ حملوں کا بھرپور جواب دیتے ہوئے وادی‌ العین اور رجم الحدید نامی علاقوں کو آزاد کرالیا ہے۔

حشد الشعبی کے کمانڈرعبدالامیر رشید یارالله کا کہنا ہے کہ فوج اور عوامی رضاکار فورسز کی کاروائیوں میں موصل کے اطراف کے 175 علاقے اور دیہات تکفیری دہشت گردوں کی چنگل سےمکمل طور پرآزاد کرالئے گئے ہیں۔

واضح رہے کہ موصل بغداد کے بعد عراق کا دوسرا بڑا شہر ہے جس پر داعش نے قبضہ کیا تھا تاہم عراقی فوج اور رضاکار فورسزنے موصل کے اکثر علاقوں کو دہشت گردوں سے آزاد کرالیا ہے۔

یاد رہے کہ عراقی وزیراعظم حیدر العبادی نے (پیر 17 اکتوبر2016) کو موصل شہر کی دہشت گرد گروہ داعش سے آزادی کے لئے وسیع پیمانے پر کارروائیوں کے آغاز کی خبر دی تھی۔

متعلقہ مضامین

Back to top button