مشرق وسطی

شام :داعش کے جنگجو برقع میں فرار ہوتے ہوئے گرفتار

دمشق(مانیٹرنگ ڈیسک) شام میں داعش کے زیر قبضہ علاقہ منبج سے فرار ہونے والے داعش کے جنگجو کرد شامی فوج کے ہاتھوں پکڑے گئے۔ فرار کی کوشش کرنے والے جنگجو سیاہ برقعوں میں ملبوس تھے۔شمالی شام کے شہر منبج میں داعش نے قبضہ کر رکھا ہے تاہم کرد جنگجوؤں پر مشتمل شامی ڈیمو کریٹک فورسز داعش سے اس علاقے کو خالی کروانے کے لیے وہاں موجود ہیں۔ فوج کے ہاتھوں گرفتاری کے ڈر سے داعش کے کچھ جنگجوؤں نے برقعے میں فرار ہونے کی کوشش کی لیکن وہ رنگے ہاتھوں پکڑے گئے۔
پکڑے جانے والے جنگجوؤں کی تعداد 3 ہے۔ فوج کا کہنا ہے کہ ان تینوں میں سے ایک داعش کا اسنائپر ہے جو لاتعداد اموات کا ذمہ دار ہے۔کرد فوج کی جانب سے جاری کی جانے والی فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ تینوں داعشی جنگجوؤں کو بے لباس کردیا گیا ہے جبکہ وہ گھٹنوں کے بل نیچے جھکے ہوئے ہیں۔
یاد رہے کہ شام کے اس شہر میں داعش اور شامی فوجیں آپس میں برسر پیکار ہیں۔ فوج اس علاقے کو داعش کے قبضے سے چھڑانے کی کوششوں میں مصروف ہے۔دونوں کے درمیان خونریز جھڑپوں میں اب تک داعش کے 18 جنگجو، 5 فوجی اور 8 عام افراد مارے جاچکے ہیں۔دوسری جانب 24 فروری کو عراقی افواج نے داعش کے زیر استعمال موصل کے ہوائی اڈے کو بھی دہشت گرد تنظیم کے قبضے سے چھڑانے کا دعویٰ کیا ہے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button