سعودی عرب

سعودی عرب اسرائیل سے ڈرون طیارے خرید رہا ہے

خبری ذرائع نے رپورٹ دی ہے کہ سعودی عرب نے صیہونی حکومت سے ہتھیار خریدے ہیں۔

العالم کی رپورٹ کے مطابق سوشل میڈیا میں سعودی عرب کے سرگرم سیاسی کارکن اور بلاگر مجتہد نے اپنے ٹوئٹر پیج پر جنوبی افریقہ کے توسط سعودی عرب اور اسرائیلی حکومت کے درمیان کئی ڈرون طیاروں کی خریداری کے معاہدے پر دستخط کے بارے میں خفیہ اطلاعات جاری کی ہیں۔

مجتہد نے جنوبی افریقہ میں ڈرون طیاروں کی تیاری کے کارخانے کی تعمیر کے بارے میں سعودی عرب کے سرکاری ذرائع کی رپورٹ کو جھوٹ اور فریب قرار دیتے ہوئے لکھا ہے کہ درحقیقت اس رپورٹ کے جاری کرنے کا مقصد اس حقیقت کو چھپانا ہے کہ سعودی عرب نے جنوبی افریقہ کے ذریعے چار سو ملین ڈالر مالیت کے کئی ڈرون طیارے اسرائیلی حکومت سے خریدے ہیں۔

یہ ڈرون طیارے پرزوں کی صورت میں جنوبی افریقہ سے سعودی عرب پہنچائے گئے ہیں جہاں انھیں اسمبل کیا جائے گا۔

سعودی عرب کے اس سیاسی کارکن کا مزید کہنا ہے کہ سعودی عرب کے وزیر دفاع اور ولیعہد کے نائب محمد بن سلمان نے یہ سودا کر کے صیہونی حکومت کو فائدہ پہنچانے کی وجہ سے فریب اور خیانت کا ارتکاب کیا ہے۔

سعودی عرب اور صیہونی حکومت نے حالیہ مہینوں کے دوران ایک دوسرے کے ساتھ براہ راست اور بالواسطہ تعاون کیا ہے۔

سعودی عرب نے ایک اسلامی ملک اور اسلامی تعاون تنظیم کے ہیڈکوارٹر کے میزبان کی حیثیت سے حالیہ برسوں کے دوران اسلام مخالف پالیسیاں اختیار کر کے صیہونی حکومت کی سب سے زیادہ مدد کی ہے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button