وفاق مدارس شیخ محسن نجفی کو فورتھ شیڈول میں شامل کرنے پر سیخ پا،میدان میں آنے کا اعلان
شیعیت نیوز: وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے صدر آیت اللہ حافظ ریاض حسین نجفی نے وزیراعظم نوازشریف اور آرمی چیف جنرل راحیل شریف سے علامہ شیخ محسن علی نجفی کا نام فورتھ شیڈول میں شامل کرکے ان کا قومی شناختی کارڈ معطل اوربینک اکاونٹس منجمد کرنے کے سنگین اقدامات کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔وزیر اعظم، چیف آف آرمی سٹاف ، ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹینٹ جنرل رضوان اختر، وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان اور کمشنر اسلام آباد کولکھے گئے علیحدہ علیحدہ خطوط میں بزرگ عالم دین علامہ محسن علی نجفی کانام فورتھ شیڈول میںشامل کرنے اور ان کے بینک اکاونٹس منجمد کرنے کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے ظالمانہ قوانین کے خاتمے کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قومی ایکشن پلان کو تمام محب وطن حلقوں نے سراہا ہے جس کے بعد 30سالہ دہشت گردی اور فرقہ وارانہ منافرت میں کافی کمی ہوئی ہے ۔حافظ ریاض نجفی نے متوجہ کیا کہ فورتھ شیڈول کا ضابطہ عمل بنیادی طور پر فرقہ وارانہ منافرت اور اس سے منسلک سنگین جرائم کے مرتکب افراد کے لئے تشکیل دیا گیا مگر افسوس کہ اس کے نفاذ میں انصاف کے تقاضے پورے نہیں کئے جارہے ،جس کی بدترین مثال اسلام آباد کی بزرگ ، جلیل القدر علمی شخصیت مفسر قرآن علامہ شیخ محسن علی نجفی ہیں جن کی علمی ،رفاہی ،فلاحی خدمات کے اجمالی تعارف کے لئے بھی کئی صفحات درکار ہیں ۔ان کا کہنا تھا کہ وزارت داخلہ کی طرف سے علامہ شیخ محسن علی نجفی کا نام بھی دیگر افراد کے ہمراہ سٹیٹ بینک کو ارسال کیا گیا جس کے بعد ان کے بینک اکاؤنٹس منجمد کر دئیے گئے ۔ انہیں فورتھ شیڈول میں شامل کیا گیا اور ان کا قومی شناختی کارڈ بھی معطل کردیا گیا ۔ حافظ ریاض نجفی نے واضح کیا کہ حکومتی ادارے ، عوام اور دوسرے مسالک کی برگزیدہ شخصیات اچھی طرح جانتی ہیں کہ علامہ شیخ محسن علی نجفی نے کبھی بھی اپنی کسی تحریر ،تقریر میں فرقہ وارانہ اشتعال انگیزی کی بات نہیں کی اور نہ ہی ان کا دہشت گردی سے دور کا کوئی واسطہ ہے ان کی علمی ،رفاہی و فلاحی خدمات اظہر من الشمس ہیں ۔انہوں نے کہا کہ علامہ شیخ محسن علی نجفی ملک بھر کی بزرگ شخصیات پر مشتمل وفاق المدارس الشیعہ کی مجلس اعلیٰ کے سربراہ بھی ہیں، ان کی فورتھ شیڈول میں نامزدگی اور تازہ حکومتی اقدامات سے علمی و دینی حلقوں میں سخت تشویش اور عوامی حلقوں میں اضطراب پیدا ہوا ہے ۔اور ملت جعفریہ کے علمی و عوامی حلقے برملا اس خدشہ کا اظہار کر رہے ہیں کہ علامہ شیخ محسن علی نجفی کے خلاف اس قدر توہین آمیز ،بے بنیاد اقدامات کا مطلب ہے کہ کوئی شیعہ عالم دین اپنے آپ کو محفوظ نہ سمجھے ۔ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نوازشریف اور آرمی چیف جنرل راحیل شریف سنگین صورتحال کا فوری نوٹس لیتے ہوئے فوری طور پرعلامہ شیخ محسن علی نجفی کا نام فورتھ شیڈول سے خارج کرکے ان کا قومی شناختی کارڈ اورمنجمد بینک اکاونٹس بحال کئے جائیں۔ حافظ ریاض نے کہا کہ فورتھ شیڈول میں غلط طور پر شامل کئے گئے پرامن دیگر افراد کے ناموں کے اخراج کا بھی مطالبہ کیا۔ا ن کا کہنا تھا کہ وفاق المدارس الشیعہ علامہ محسن نجفی کے ساتھ ہونے والی بدسلوکی پر 20۔ اکتوبرجمعرات پریس کانفرنس میں اپنے احتجاجی لائحہ عمل کا اعلان کرے گا۔
یہ بھی پڑھیں ۔۔ شیخ محسن نے اپنا نام فورتھ شیڈول سے ہٹوانے کے لئے ذاتی رابطے شروع کردیئے
واضح رہے کہ وفاقی حکومت نے ۲۱ سو افراد کو فورتھ شیڈول میں ڈال کرانکی شہریت منسوخ کردی ہے،اس میں ۵۰ سے زائد شیعہ علماء اور معززیں بھی شامل ہیں، فورتھ شیڈول میں ان افراد کو شامل کیا جاتا ہے جو کسی نا کسی طرح فرقہ وارانہ فسادات، یا کسی غیر قانونی حرکت میں ملوث ہوتے ہیں، جبکہ فورتھ شیڈول میں شامل شیعہ علماٗ اور معززیں پر کسی بھی قسم کا کوئی چارج نہیں ہے، شیخ محسن نجفی بھی ان افراد میں شامل ہیں اور انہوںنےاپنے ذاتی مراسم کو استعمال کرتے ہوئےاپنا نام فورتھ شیڈول سے نکلوانے کے لئے رابطہ شروع کردیئے جبکہ دیگر کا کوئی پرسان حال نظر نہیں آتا۔








