رانا کاظم کو فوری بازیاب کر کے اہلِ خانہ کو ان کی خیریت اور مقام سے آگاہ کیا جائے، علامہ سید احمد اقبال رضوی
شیعیت نیوز : مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے وائس چیئرمین علامہ سید احمد اقبال رضوی نے لاہور سے تعلق رکھنے والے مجلس وحدت مسلمین کے مقامی رہنما رانا کاظم کی گزشتہ 8 روز سے مبینہ گمشدگی پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ رانا کاظم کو مبینہ طور پر نقاب پوش اہلکار رات کی تاریکی میں اپنے ساتھ لے گئے، تاہم تاحال ان کے بارے میں کوئی معلومات سامنے نہیں آئیں۔
یہ بھی پڑھیں : ہم نہ خاموش ہوں گے، نہ حقوق سے دستبردار ہوں گے، ظلم کے خلاف ڈٹے رہیں گے، سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری
انہوں نے کہا کہ رانا کاظم کے اہلِ خانہ شدید اضطراب اور پریشانی کا شکار ہیں، متعلقہ اداروں سے رابطوں اور قانونی طریقۂ کار اختیار کرنے کے باوجود تاحال کسی ادارے نے ان کی گرفتاری کی ذمہ داری قبول نہیں کی، اور نہ ہی یہ بتایا جا رہا ہے کہ انہیں کس الزام کے تحت حراست میں لیا گیا ہے اور وہ اس وقت کس حال میں ہیں۔
علامہ احمد اقبال رضوی نے کہا کہ کسی شہری کو قانونی تقاضے پورے کیے بغیر لاپتہ رکھنا آئین اور قانون کے بنیادی اصولوں کے منافی ہے۔ انہوں نے کہا کہ رانا کاظم ایک محب وطن پاکستانی ہیں اور ان کے علم کے مطابق ان کے خلاف کسی غیر قانونی سرگرمی میں ملوث ہونے یا کسی ایف آئی آر کا کوئی معلوم ریکارڈ موجود نہیں۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ رانا کاظم کو فوری طور پر بازیاب کیا جائے، ان کے اہلِ خانہ کو ان کی خیریت اور موجودہ مقام کے بارے میں آگاہ کیا جائے اور اگر ان کے خلاف کوئی قانونی الزام ہے تو انہیں آئین و قانون کے مطابق متعلقہ عدالت میں پیش کیا جائے۔ علامہ احمد اقبال رضوی نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین کسی بھی شہری کو غیر معینہ مدت تک لاپتہ رکھنے کے عمل کی مذمت کرتی ہے اور رانا کاظم کی فوری بازیابی کا مطالبہ کرتی ہے۔







