حضرت زینبؑ حماسی کردار ادا کرنے والوں کے لیے کامل نمونۂ عمل ہیں، علامہ سید صادق رضا تقوی

18 اکتوبر, 2026 06:30

شیعیت نیوز : مجلس وحدت مسلمین پاکستان شعبہ مشہد مقدس کے دفتر مؤسسہ شہید عارف الحسینی کے زیر اہتمام ہفتہ وار دعائے ندبہ اور علمی نشست سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان سے تشریف لائے حجۃ الاسلام والمسلمین علامہ سید صادق رضا تقوی نے کہا ہے کہ حضرت زینب کبریٰ سلام اللہ علیہا حماسی کردار ادا کرنے والی شخصیات کے لیے ایک کامل نمونۂ عمل ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : حضرت زینب (س) نے ابن زیاد کے دربار میں اموی جبرگرائی کی فکر کو شکست دی، آیت اللہ جوادی آملی

علامہ سید صادق رضا تقوی نے حضرت زینب سلام اللہ علیہا کے تاریخی جملے ’ما رأیت الا جمیلا‘ یعنی ’میں نے سوائے خوبصورتی کے کچھ نہیں دیکھا‘ کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ اس جملے کی عظمت سمجھنے کے لیے ان حالات کا تصور ضروری ہے جن میں یہ ادا ہوا۔ امام حسین علیہ السلام بے دردی سے شہید کیے جا چکے تھے، خاندان کے دیگر افراد شہادت کے مرتبے پر فائز ہو چکے تھے اور خود سیدہؑ اسیر بنا کر دشمن کے دربار میں لائی گئی تھیں، ایسے کٹھن حالات میں خدا کی رضا اور حکمت کے سوا کچھ نہ دیکھنا صبر، تسلیم اور معرفت کا وہ مقام ہے جو صرف عظیم الٰہی شخصیات کا خاصہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ جس طرح امیرالمؤمنین حضرت علی علیہ السلام کی شخصیت علم، شجاعت، عدل اور حکمت کا مظہر ہے، اسی طرح حضرت زینب سلام اللہ علیہا نے اپنے کردار، خطبات اور قربانیوں کے ذریعے اپنے والد کی عظمت اور تربیت کے آثار کو نمایاں کیا، اور آپؑ کو ترجمانِ کربلا کہنا بجا ہے کیونکہ آپؑ نے امام حسین علیہ السلام کے قیام اور پیغامِ کربلا کو اپنے خطبات اور بے مثال استقامت کے ذریعے دنیا تک پہنچایا۔

علامہ سید صادق رضا تقوی نے عصر حاضر میں رہبر شہید کے افکار و کلام کو سمجھنے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ عظیم شخصیات کی گفتگو میں ایسے عمیق نکات پوشیدہ ہوتے ہیں جن کی حقیقی تفہیم کے لیے غور و فکر اور بصیرت درکار ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہم اپنی زندگی کو رنگِ الٰہی میں رنگ لیں اور ہر حال میں رضائے الٰہی کو مقدم رکھیں تو قربِ خداوندی کی منزل کی جانب پیش رفت کر سکتے ہیں۔ نشست کے اختتام پر امام خمینیؒ، رہبر شہید اور شہدائے اسلام کے درجات کی بلندی، رہبر معظم آیت اللہ سید مجتبیٰ خامنہ ای کی طول عمر اور دشمنان اسلام کی نابودی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔

7:09 صبح اکتوبر 18, 2026
بریکنگ نیوز:
اوپر تک سکرول کریں۔