پشاور اسکول سانحے کی شفاف تحقیقات اور تعلیمی اداروں کا فوری سیفٹی آڈٹ کیا جائے، علامہ شبیر حسن میثمی

17 اکتوبر, 2026 12:21

شیعیت نیوز : شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ شبیر حسن میثمی نے پشاور کے علاقے دیر کالونی میں نجی اسکول کی چھت گرنے کے المناک سانحے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ تعلیمی اداروں میں بچوں کی حفاظت پر کبھی کوئی سمجھوتہ نہیں ہونا چاہیے۔

یہ بھی پڑھیں : پشاور دیر کالونی اسکول سانحہ انتہائی دلخراش ہے، شفاف تحقیقات کی جائیں، علامہ احمد اقبال رضوی

علامہ شبیر حسن میثمی نے سانحے کی شفاف اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ غفلت یا غیر معیاری تعمیر کے ذمہ دار عناصر کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے۔ انہوں نے حکام پر زور دیا کہ صوبے بھر کے سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں کا فوری حفاظتی معائنہ کیا جائے اور حفاظتی معیارات پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے تاکہ مستقبل میں ایسے سانحات کی روک تھام ہو سکے۔

واضح رہے کہ جمعرات کے روز پشاور کی دیر کالونی میں واقع الخیر ایجوکیشن سینٹر کی کثیر منزلہ عمارت کی ایک چھت دوسری چھت پر آ گری تھی، جس کے نتیجے میں ایک خاتون ٹیچر اور 30 طلبہ جاں بحق جبکہ درجنوں زخمی ہو گئے تھے۔ صوبائی چیف سیکرٹری نے سات روز میں رپورٹ پیش کرنے کے لیے فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی تشکیل دی ہے، اسکول کا مالک گرفتار کر لیا گیا ہے، اور صوبے کے تمام تعلیمی اداروں کی عمارتوں کے حفاظتی معائنے کا حکم دیا گیا ہے۔

اس سے قبل قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے بھی سانحے پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے زخمی بچوں کو جدید طبی امداد فراہم کرنے کا مطالبہ کیا تھا، جبکہ قائد حزب اختلاف سینیٹ اور چیئرمین مجلس وحدت مسلمین سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے تحریک تحفظ آئین پاکستان کے وفد کے ہمراہ متاثرہ اسکول کا دورہ کر کے شہید بچوں کے لواحقین سے تعزیت کی۔

1:04 شام اکتوبر 17, 2026
بریکنگ نیوز:
اوپر تک سکرول کریں۔