گلگت بلتستان کے وسائل پر یہاں کے عوام کا حق ہے، امریکی دلچسپی باعث تشویش ہے، آغا سید راحت حسین الحسینی
شیعیت نیوز : مرکزی جامع امامیہ مسجد شہید سید ضیاء الدین رضویؒ گلگت کے امام جمعہ و جماعت آغا سید راحت حسین الحسینی نے خطبہ جمعہ میں گلگت بلتستان کے معدنی و قدرتی وسائل میں امریکی دلچسپی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ خطے کے وسائل پر یہاں کے عوام کا بنیادی حق ہے اور ان سے متعلق کسی بھی فیصلے میں مقامی آبادی کے مفادات، علاقائی سلامتی اور خودمختاری کو مقدم رکھا جانا چاہیے۔
یہ بھی پڑھیں : امریکی حکام کا گلگت بلتستان کا خفیہ دورہ بڑے طوفان کا پیش خیمہ ہو سکتا ہے، کاظم میثم
آغا سید راحت حسین الحسینی نے امریکی ناظم الامور کے حالیہ دورۂ گلگت بلتستان اور خطے کے معدنی وسائل میں امریکی دلچسپی سے متعلق اطلاعات پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ گلگت بلتستان قدرتی وسائل، قیمتی معدنیات اور آبی ذخائر کے اعتبار سے ایک اہم اور حساس خطہ ہے، اس کے وسائل سے متعلق کسی بھی سرمایہ کاری، معاہدے یا شراکت داری کا جائزہ عوامی مفادات اور طویل مدتی اثرات کو سامنے رکھ کر لیا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ معدنیات کی تلاش، استخراج، پراسیسنگ اور ممکنہ برآمدات کے مقاصد کے بارے میں شفافیت ضروری ہے تاکہ واضح ہو سکے کہ ان سرگرمیوں سے بالآخر کس کو فائدہ پہنچے گا۔
انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان اور حکومت گلگت بلتستان کو چاہیے کہ وہ اس حوالے سے عوام کے خدشات دور کریں اور مقامی آبادی کے حقوق کو نظرانداز کرتے ہوئے کوئی فیصلہ نہ کریں۔ انہوں نے بیرونی طاقتوں کے معاشی اور تزویراتی مفادات کے مقابلے میں عوامی حقوق اور خطے کے قدرتی ورثے کے تحفظ کو مقدم قرار دیا۔
خطبہ جمعہ میں آغا سید راحت حسین الحسینی نے یمن پر سعودی جارحیت کی مذمت کرتے ہوئے یمن کی مزاحمتی تحریک انصاراللہ کی مزاحمت کو دفاعی قرار دیا اور امت مسلمہ کے اتحاد و یکجہتی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ مسلمانوں کو غیر مصدقہ اطلاعات اور گمراہ کن پروپیگنڈے سے متاثر ہونے کے بجائے حقائق کی بنیاد پر رائے قائم کرنی چاہیے۔ انہوں نے جلال آباد اور مناور کے درمیان زیر تعمیر آر سی سی پل کے کام میں مبینہ رکاوٹوں اور منصوبے کو فرقہ وارانہ تعصب کی نذر کرنے کی کوششوں پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے شفاف تحقیقات کا مطالبہ بھی کیا۔







