سندھ کے ہر بچے اور بچی کو معیاری تعلیم کے یکساں مواقع دیے جائیں، علامہ مقصود علی ڈومکی
علامہ مقصود علی ڈومکی
شیعیت نیوز : مجلس وحدت مسلمین پاکستان سندھ کے صوبائی صدر علامہ مقصود علی ڈومکی نے ضلع کشمور کے دورے کے دوران ستار آباد میں او ٹی ایس اسکول کا دورہ کیا، طلبہ و طالبات سے ملاقات اور گفتگو کی اور بچوں میں کتابیں تقسیم کیں۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ تعلیم کسی بھی قوم کی ترقی، خوشحالی اور روشن مستقبل کی بنیاد ہے اور سندھ کی ترقی اسی وقت ممکن ہے جب صوبے کے ہر بچے اور بچی کو معیاری تعلیم کے یکساں مواقع فراہم کیے جائیں۔
یہ بھی پڑھیں : حق و باطل کی جنگ میں ہم اہل حق کے ساتھ ہیں، سامراج کے خلاف جدوجہد جاری رہے گی، علامہ مقصود علی ڈومکی
علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ اسلام نے علم کو غیر معمولی اہمیت دی ہے اور قرآن مجید کی پہلی وحی ہی لفظ ’اقرأ‘ یعنی ’پڑھیے‘ سے شروع ہوتی ہے، جو اس حقیقت کی واضح دلیل ہے کہ اسلام انسان کو جہالت کے اندھیروں سے نکال کر علم، شعور اور معرفت کی روشنی کی طرف بلاتا ہے۔ انہوں نے سورۃ الزمر کی آیت 9 کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ علم رکھنے والے اور علم نہ رکھنے والے برابر نہیں ہو سکتے، جبکہ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور اہل بیت اطہار علیہم السلام کی تعلیمات میں علم کے حصول اور انسان کی فکری و اخلاقی تعمیر پر خصوصی زور دیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عصر حاضر میں وہی قومیں ترقی کی منازل طے کر رہی ہیں جو تعلیم، تحقیق، سائنس و ٹیکنالوجی اور جدید علوم پر توجہ دے رہی ہیں، اور پاکستان کی تعمیر و ترقی میں بھی تعلیم بنیادی کردار ادا کرتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دیہی اور پسماندہ علاقوں میں تعلیمی سہولیات کی فراہمی، اسکولوں کی بہتری، اساتذہ کی حوصلہ افزائی اور طلبہ کو کتابوں سمیت ضروری تعلیمی وسائل فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ کتاب انسان کی بہترین دوست ہے اور بچوں میں کتابیں تقسیم کرنے کا مقصد ان میں مطالعے کا شوق پیدا کرنا ہے۔ انہوں نے والدین، اساتذہ اور سماجی رہنماؤں پر زور دیا کہ وہ بچوں کی تعلیم و تربیت میں اپنا کردار ادا کریں، پسماندہ علاقوں میں تعلیم کے فروغ کے لیے او ٹی ایس کی خدمات کو سراہا اور کہا کہ تعلیم یافتہ نسل ہی ایک مضبوط، ترقی یافتہ اور خوشحال پاکستان کی ضمانت ہے۔ اس موقع پر انہوں نے بچوں کو حضرت نوح علیہ السلام کا قصہ بھی سنایا۔







