حق و باطل کی جنگ میں ہم اہل حق کے ساتھ ہیں، سامراج کے خلاف جدوجہد جاری رہے گی، علامہ مقصود علی ڈومکی
شیعیت نیوز : مجلس وحدت مسلمین پاکستان سندھ کے صوبائی صدر علامہ مقصود علی ڈومکی نے ضلع کشمور کے دو روزہ تنظیمی دورے کے دوران بخشاپور اسٹاپ کی جامع مسجد میں نماز جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس وقت پوری دنیا میں حق و باطل کے درمیان فیصلہ کن کشمکش جاری ہے اور ہم حق، عدل، مظلوموں اور اہل حق کے ساتھ کھڑے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : ہم نہ خاموش ہوں گے، نہ حقوق سے دستبردار ہوں گے، ظلم کے خلاف ڈٹے رہیں گے، سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری
انہوں نے کہا کہ امریکہ اور اسرائیل کی انسان دشمن سامراجی پالیسیاں عالمی امن، انسانی حقوق اور مظلوم اقوام کے مستقبل کے لیے سنگین چیلنج بن چکی ہیں، فلسطین سمیت مشرق وسطیٰ کے مختلف خطوں میں جاری کشیدگی نے پوری دنیا کو متاثر کیا ہے، اور ہر باضمیر انسان کی ذمہ داری ہے کہ وہ جارحیت اور انسانی جانوں کے ضیاع کے خلاف مؤثر آواز بلند کرے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری حمایت کسی قوم سے نفرت پر نہیں بلکہ حق، عدل اور مظلوموں کی حمایت کے اصول پر قائم ہے، اور دنیا میں پائیدار امن اسی وقت قائم ہو سکتا ہے جب انصاف کو طاقت پر ترجیح دی جائے۔
علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ ائمہ اہل بیت علیہم السلام نے اپنے پاکیزہ کردار اور بے مثال قربانیوں کے ذریعے انسانیت کو حق گوئی، شجاعت، صبر اور ظلم کے مقابلے میں ڈٹ جانے کا درس دیا، امام حسین علیہ السلام کی تحریک کربلا ہمیں سکھاتی ہے کہ حق کی راہ میں قربانیاں آئیں تب بھی اصولوں پر سمجھوتہ نہیں کرنا چاہیے، اور باطل کے سامنے خاموشی اور مظلوم کی فریاد کو نظرانداز کرنا اہل ایمان کے شایان شان نہیں۔
انہوں نے کہا کہ آج امت مسلمہ کو اتحاد، بیداری اور باہمی اخوت کی پہلے سے کہیں زیادہ ضرورت ہے، دشمن قوتیں مسلمانوں کے درمیان اختلافات کو ہوا دے کر انہیں کمزور کرنا چاہتی ہیں، لہٰذا ہمیں فرقہ واریت اور نفرت سے بالاتر ہو کر متحد ہونا ہوگا۔ علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین مظلوموں کی حمایت، اتحاد امت، قومی خودمختاری اور عوامی حقوق کے تحفظ کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔







