سعودی حکام کو سزا ملنی چاہئے، یمن کی سول سوسائٹیز کا مطالبہ
یمن کی سول سوسائیٹیز نے بھی پرتشدد حملوں کے ذمہ داروں کو کیفر کردار تک پہنچانے کا مطالبہ کیا ہے۔
المسیرہ ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق، دسیوں سول سوسائٹیز کے ارکان نے صنعا کے کنوینشن سینٹر کے سامنے اجتماع کرکے، صنعا حملوں کے باعث و بانی افراد کو سزا دینے کا مطالبہ کیا ہے۔ اس اجتماع میں صنعا پر بمباری میں شہید ہونے والوں کے اہل خانہ اور سعودی حملوں میں زخمی اور معذور ہونے والے افراد نے بھی کثرت سے شرکت کی تھی۔ اجتماع کے شرکا نے یمن کے محاصرے کا اختتام اور زخمیوں کی جان بچانے کے لئے عالمی برادری کے تعاون کے حق میں بھی نعرے لگائے۔اس دوران ایک بیان بھی جاری کیا گیا جس میں ان سفاکانہ اقدامات کے بارے میں بین الاقوامی تحقیقاتی کمیٹی کی تشکیل کا مطالبہ کیا گیا تھا۔ واضح رہے کہ سعودی لڑاکا طیاروں نے آٹھ اکتوبر کو صنعا میں سوگواری کے ایک عوامی اجتماع پر متعدد بار بمباری کرکے آٹھ سو سے زیادہ لوگوں کو شہید اور زخمی کردیا تھا۔ سعودی افواج کے اس اقدام پر عالمی برادری نے شدید برہمی کا اظہار کیا تھا۔ یمن پر حملوں کا سلسلہ گذشتہ انیس مہینے سے جاری ہے جس کے نتیجے میں اب تک ہزاروں عام شہری شہید اور دسیوں ہزار زخمی ہوچکے ہیں۔








