طوفان الاقصیٰ کی چوتھی سالگرہ: ملی یکجہتی کونسل کا فلسطینیوں سے یکجہتی کا اظہار، پاک ایران ثالثی پر زور
ملی یکجہتی کونسل
شیعیت نیوز : ملی یکجہتی کونسل پاکستان کے اہم اجلاس میں طوفان الاقصیٰ کی چوتھی سالگرہ کے موقع پر مظلوم فلسطینی عوام کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا گیا ہے اور مسئلہ فلسطین کے حوالے سے کونسل کے اصولی مؤقف کا اعادہ کیا گیا۔ اجلاس میں علامہ عارف حسین واحدی، سید ناصر عباس شیرازی، جناب ضمیر اختر، مفتی گلزار حسین نعیمی، علامہ احمد اقبال رضوی سمیت دیگر ممتاز رہنماؤں نے شرکت کی۔
شرکائے اجلاس نے واضح کیا کہ مسئلہ فلسطین کا واحد اور قابلِ قبول حل ایک آزاد فلسطینی ریاست کا قیام ہے۔ انہوں نے غاصب اسرائیلی قبضے اور غزہ پر مسلسل صیہونی حملوں کی شدید مذمت کی۔
یہ بھی پڑھیں : خیبر پختونخوا میں گورنر راج کا نفاذ غیر جمہوری اور آئینی حقوق پر حملہ ہے، علامہ علی حسنین حسینی
اجلاس میں یمن اور سعودی عرب کے درمیان جاری کشیدگی کے تناظر میں پاکستان اور ایران کی حکومتوں پر زور دیا گیا کہ وہ ثالثی کا کردار ادا کرتے ہوئے مسلمان ممالک کے درمیان صلح و اتحاد کے فروغ کے لیے مؤثر اقدامات کریں۔ شرکاء نے امریکہ کی جانب سے اسلامی جمہوریہ ایران کو دی جانے والی دھمکیوں کی بھی شدید الفاظ میں مذمت کی۔
ملکی صورتِ حال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے رہنماؤں کا کہنا تھا کہ عوام کو درپیش معاشی مشکلات اور مہنگائی پر قابو پانے کے لیے فوری اقدامات کی ضرورت ہے۔ اجلاس میں ملک سے دہشت گردی کے خاتمے اور امن و امان کی بہتری پر زور دیتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ ملی یکجہتی کونسل امت مسلمہ کے اتحاد اور مظلوموں کی حمایت کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔







