کورکمانڈرز کانفرنس کا صحافی کو من گھڑت خبر فیڈ کرنے پر تشویش

15 اکتوبر, 2016 00:00

شیعیت نیوز: آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی زیر صدارت کور کمانڈرز کانفرنس میں بھارت کے سرجیکل اسٹرائیکس کے دعوے کو مسترد کردیا گیا۔ کور کمانڈرز نے وزیراعظم ہاوس میں نیشنل سیکیورٹی کے اہم اجلاس کی جھوٹی اور من گھڑت خبر فیڈ کرنے پر بھی تشویش کا اظہار کیا۔ آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی زیرصدارت جی ایچ کیو میں ہونے والی کورکمانڈرز کانفرنس میں اندرونی و بیرونی سیکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ کور کمانڈرز نے بھارت کی جانب سے سرجیکل اسٹرائیک کے جھوٹے دعوے کو مسترد کرتے ہوئے اسے کشمیر میں بھارتی مظالم سے توجہ ہٹانے کی کوشش قرار دیا۔ کور کمانڈرز نے وزیر اعظم ہاوس میں نیشنل سیکیورٹی کے اہم اجلاس کی خبر فیڈ کرنے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے قومی سلامتی کے خلاف قرار دیا۔ کور کمانڈرز کانفرنس کے شرکا نے اس عزم کا اظہار کیا کہ بھارت کی جانب سے کسی قسم کی جارحیت یا غیرذمہ دارانہ فعل کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا، آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے فوج کی آپریشن تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کیا اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاک فوج ہر قیمت پر مادر وطن کو درپیش ہر خطرے کے خلاف ملک کا بھر پور دفاع کرے گی، آرمی چیف نے کہا کہ ضرب عضب کے نتیجے میں ملک میں استحکام آیا ہے، پاکستان خوشحالی اور ترقی کے نئے دور میں داخل ہورہا ہے۔ آرمی چیف نے اس بات پر زور دیا کہ ملکی داخلی سلامتی کو لاحق خطرات کا مقابلہ کرنے کیلئے مستقل کوششوں کی ضرورت ہے۔ کور کمانڈرز کانفرنس کے شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ملک کے طول و عرض میں دہشتگردی کو جڑ سے اکھاڑنے کیلئے کومبنگ اور خفیہ معلومات کی بنیاد پر آپریشنز جاری رکھے جائیں گے۔ انتہا پسندی اور دہشتگردی کی دیگر وجوہات پر قابو پانے کے لئے نیشنل ایکشن پلان پر بھی عملدرآمد کیا جائے گا۔

1:13 شام جون 15, 2026
بریکنگ نیوز:
اوپر تک سکرول کریں۔