پاکستان

سندھ میں 7 ہزار سے زائد مدارس کی جیو ٹیکنگ کا عمل مکمل

شیعیت نیوز: سندھ کے مختلف شہروں میں 7 ہزار 724 مدارس کی جیو ٹیگنگ کا عمل مکمل کرلیا گیا ہے جس سے ان مدارس کی نگرانی میں مدد ملے گی۔ اسپیشل برانچ سندھ کے مطابق ملک بھر میں بڑھتی ہوئی دہشت گردی کے پیش نظر سندھ بھر میں 7 ہزار 724 دینی مدارس کی جیو ٹیگنگ کا عمل مکمل کرلیا گیا ہے، جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے کراچی، حیدر آباد، میرپور خاص، سکھر اور لاڑکانہ ڈویژن کا سروے مکمل کیا گیا، جس کے بعد اب سندھ بھر میں قائم مدارس کی سرگرمیوں کی نگرانی کی جاسکے گی۔ ذرائع اسپیشل برانچ سندھ کے مطابق کراچی کے 3 ہزار 110، حیدرآباد کے 1 ہزار 291، میرپور خاص کے 750 سکھر کے 1 ہزار 536 اور لاڑکانہ کے ایک ہزار 37 مدارس کی جیو ٹیگنگ کی گئی۔ سندھ بھر میں 2 ہزار 302 مدارس بند جبکہ ایک ہزار 184 مدارس غیر رجسٹرڈ ہیں جن کو ضابطے میں لانے کے لیے تحریری طور پر آگاہ کردیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ دنیا بھر میں عمارتوں کی نگرانی کے لیے جیو ٹیگنگ ٹیکنالوجی کی مدد حاصل کی جا رہی ہے جب کہ سندھ بھر میں جیو ٹیگنگ کا فیصلہ سندھ اپیکس کمیٹی کے اجلاس میں کیا گیا تھا۔

متعلقہ مضامین

Back to top button