بغداد کے نواحی علاقوں میں عراقی فوج کی کامیاب کارروائیاں
عراق کے سیکورٹی اداروں نے دارالحکومت بغداد کے نواحی علاقوں میں دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشن کیا ہے۔
بغداد آپریشن کمانڈ کے نائب سربراہ میجر جنرل ستار عودہ نے بتایا ہے کہ عراقی فوج کے جوانوں نے بغداد کے نواحی علاقوں کو دہشت گردوں سے پاک کرنے کی کارروائی کے دوران درجنوں دہشت گردوں کو موت کے گھاٹ اتار دیا ہے۔ عراقی فوج طارمیہ کے علاقے میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائی میں مصروف ہے۔ ایک اور اطلاع کے مطابق عراقی فوج نے جنوبی بغداد کے علاقے عرب جبور میں بروقت کارروائی کرکے دو خود کش بمباروں کو بھی ہلاک کر دیا ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ شمالی بغداد کے علاقوں کو محفوظ بنانے کے لیے کی جانے والی کارروائی پوری طرح کامیاب رہی ہے جس کے بعد دارالحکومت کے شمالی علاقے پر تکفیری دہشت گردوں کے حملے بند ہو جائیں گے۔ صوبہ صلاح الدین سے ملنے والی خبروں کے مطابق عراقی فوج نے بیجی کے علاقے میں جاری آپریشن کے دوران کم سے کم انیس داعشی دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا ہے۔ عراقی فوج نے مشرقی رمادی کے علاقے جزیرہ خالدیہ میں ایک مکان میں چھپے تین داعشی دہشت گردوں کو موت گھاٹ اتار دیا ہے۔








