افغان فورسز کا آپریشن داعش کے 5 پاکستانی جنگجو ہلاک
شیعیت نیوز: افغانستان کی نیشنل ڈیفنس اینڈ سیکورٹی کونسل کے مطابق افغان فورسزکے آپریشن میں داعش کے 5 پاکستانی جنگجوؤں سمیت 86 عسکریت پسند ہلاک اور 50 سے زائد زخمی ہو گئے ہیں۔ جبکہ 8 افغان فوجی بھی ہلاک ہوئے ہیں۔ وزارت دفاع کی طرف سے جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ نیشنل سکیورٹی فورسز نے صوبہ ننگرہار، کنڑ، کپیسا، غزنی، پکتیا، پکتیکا، بدخشان، قندھار، زابل، ارزگان، فرح، ہرات، بغلان، جاؤزجان، قندوز اور ہلمند کے مختلف علاقوں میں آپریشنز کئے، جن میں 5 پاکستانیوں سمیت 86 شدت پسند ہلاک اور 50 سے زائد زخمی ہوگئے، جبکہ فورسز نے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی قبضے میں لے لیا، نیز کارروائیوں میں 8 افغان فوجی بھی ہلاک ہوگئے۔ دریں اثنا افغان خبررساں ادارے خاماپریس کے مطابق ننگرہار پولیس کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ ضلع کوٹ میں فورسز کی بمباری سے عسکریت پسندوں کا ایک ٹھکانہ تباہ ہو گیا، جبکہ داعش کیلئے لڑنے والے 5 پاکستانی جنگجو مارے گئے ، ان میں سے 2 کا تعلق پاکستان کے قبائلی علاقے باجوڑ ایجنسی اور 3 کا اورکزئی ایجنسی سے تھا۔ دوسری جانب داعش کی طرف سے اس بارے میں کوئی بیان سامنے نہیں آیا۔ خیال رہے کہ مشرقی صوبہ ننگرہار کے ضلع کوٹ اور آچن میں شدت پسند تنظیم داعش کافی سرگرم ہے، جبکہ افغان نیشنل ڈیفنس اور سکیورٹی فورسز نے یہاں 2 ہفتے قبل بڑا آپریشن شروع کیا تھا۔








