یمن

یمن پر سعودی عرب کے جاری حملے

رپورٹ کے مطابق یمن میں صنعا کے جنوب مشرقی علاقوں پر جارح سعودی لڑاکا طیاروں کے اتوار کے روز کے حملوں میں کم از کم پانچ عام شہری شہید ہو گئے۔ دوسری جانب سعودی عرب اور اس کے پٹھو فوجیوں کی جانب سے جنگ بندی کی مسلسل خلاف ورزیوں کے جواب میں یمنی فوج اور عوامی رضاکاروں نے اتوار کے روز شمالی یمن میں واقع صوبے الجوف کے شہر الحزم اور اسی طرح صوبے مآرب کے علاقے سوم میں جارح سعودی پٹھو فوجیوں کے ٹھکانوں کو اپنے میزائل حملوں کا نشانہ بنایا۔ ان حملوں میں کئی سعودی پٹھو فوجی ہلاک ہو گئے اور انھیں خاصا مالی نقصان پہنچا۔ دریں اثنا جنوبی یمن کے صوبے لحج کے گورنر احمد حمود جریب نے کہا ہے کہ سعودی عرب کے بڑھتے ہوئے حملوں میں یمنی شہریوں کے ہونے والے قتل عام کے باوجود، بین الاقوامی اداروں کی جانب سے ان حملوں کو رکوانے کے لئے کوئی موثر اقدام عمل میں نہیں لایا جا رہا ہے۔ انھوں نے امید ظاہر کی کہ عالمی ادارے اور انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیمیں یمن میں سعودی عرب کے جرائم کا جائزہ لیں گی اور آل سعود کے غیر انسانی جرائم کی روک تھام کریں گی۔ انسانی حقوق کے یمنی مرکز کی رپورٹ کے مطابق گذشتہ ایک سال سے زائد عرصے کے دوران یمن پر سعودی اتحاد کے حملوں میں یمن کے ستّائیس ہزار عام شہری شہید و زخمی ہو ئے ہیں۔ اس رپورٹ کے مطابق یمن پر سعودی حملوں میں نو ہزار، تین سو، چھیاسٹھ عام شہری شہید اور سترہ ہزار، چھے سو، ترسٹھ دیگر زخمی ہو ئے ہیں۔

متعلقہ مضامین

Back to top button