ایٹمی طاقتوں کے باوجود اسرائیل حماس سے شکست کھا گیا، آیت اللہ حافظ ریاض نجفی

11 اکتوبر, 2025 08:25

شیعیت نیوز : وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے صدر آیت اللہ حافظ سید ریاض حسین نجفی نے جامع مسجد علی، حوزہ علمیہ جامعۃ المنتظر ماڈل ٹاؤن میں خطبہ جمعہ دیتے ہوئے کہا کہ قرآنِ مجید میں ہر چیز اور ہر مسئلے کا حل موجود ہے۔
ہجرت کے بعد سب سے پہلی جنگ بدر ہوئی جس میں اللہ تعالیٰ نے 313 کے اسلامی لشکر کو 950 کفار کے مقابلے میں فتح اور کامرانی نصیب فرمائی۔

انہوں نے کہا کہ کمزور قوموں پر احسان کرنے والی ذات صرف اللہ تعالیٰ کی ہے۔ جب اللہ چاہتا ہے تو کمزور قوموں کو طاقت دے دیتا ہے۔ اسرائیل جیسے ملک کے ساتھ امریکہ سمیت دنیا کی ساری طاقتیں ہیں، لیکن اللہ تعالیٰ نے حماس کو ثابت قدم رکھا۔
ایٹمی ٹیکنالوجی اور فوجی طاقت کے باوجود اسرائیل اپنا ایک بھی یرغمالی حماس سے نہیں چھڑا سکا۔ اللہ نے حماس کو طاقت دی اور اس کی نصرت فرمائی، حالانکہ حماس کا دنیا میں کوئی ساتھی نہیں — مدد تو دور کی بات، مسلمان ممالک بھی اس کا نام تک نہیں لیتے۔

یہ بھی پڑھیں : امریکہ کی دوستی، دشمنی سے زیادہ خطرناک ہے، علامہ شیخ جواد حافظی

انہوں نے مزید کہا کہ حماس کی استقامت اور جرات و بہادری کی بدولت مسئلہ فلسطین پوری دنیا میں اجاگر ہوا۔
حافظ ریاض نجفی نے کہا کہ امام حسینؑ کی “ہل من ناصرٍ ینصرنا” کی آواز پر بھی کوئی نہ آیا، اسی طرح غزہ کے مظلوم عوام کی پکار پر کسی مسلمان ملک نے لبیک نہیں کہا۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر ہم سچے مسلمان بننا چاہتے ہیں تو سب سے پہلے اللہ کی اطاعت کرنی ہوگی۔
انہوں نے واضح کیا کہ کبھی یہ گمان بھی نہ کرنا کہ رسول اکرمؐ باقی اہلِ بیتؑ کے برابر ہیں بلکہ یہ طے ہے کہ اللہ کے بعد رسول اکرمؐ ہی سب سے برتر و بہتر ہیں۔

4:13 صبح اپریل 15, 2026
بریکنگ نیوز:
اوپر تک سکرول کریں۔