غزہ جنگ بندی کے تحت سینکڑوں فلسطینی قیدیوں کی رہائی شروع
250 عمر قید قیدیوں سمیت 1700 فلسطینیوں کی آزادی، رہائی کا عمل خاموشی سے پیر کی صبح مکمل ہوگا

شیعیت نیوز : اسرائیلی جیل انتظامیہ نے گزشتہ شب سینکڑوں فلسطینی قیدیوں کی منتقلی کا عمل شروع کر دیا ہے، جو غزہ جنگ بندی معاہدے اور ٹرمپ پلان کے تحت رہا کیے جانے والے ہیں۔
اسرائیلی اخبار یدیعوت آحارونوت کے مطابق، فلسطینی قیدیوں کو مقبوضہ فلسطین کی پانچ مختلف جیلوں سے نکال کر ایک مرکزی مقام پر منتقل کیا گیا ہے، جہاں سے انہیں آزادی دی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں : غزہ فتح کی خوشی میں مراکش کے 58 شہروں میں جشن
ذرائع کے مطابق، 250 قیدی جنہیں عمر قید کی سزا سنائی گئی تھی اور 1700 دیگر فلسطینی جو “طوفان الاقصیٰ” آپریشن کے بعد گرفتار کیے گئے تھے، رہائی کی فہرست میں شامل ہیں۔
ادھر فلسطینی میڈیا نے باخبر ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ اسرائیلی قیدیوں کے تبادلے کا عمل پیر کی صبح بغیر کسی رسمی تقریب کے خاموشی سے مکمل کیا جائے گا۔
سیاسی ماہرین کے مطابق، یہ اقدام اسرائیل کی جانب سے جنگ بندی کے دباؤ اور عالمی مطالبات کے نتیجے میں سامنے آیا ہے، تاہم تل ابیب اب بھی قیدیوں کی رہائی کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔