یمن

عبدالملک بدرالدین حوثی نے جارحین کے مقابلے میں استقامت پر تاکید کی ہے۔

عبدالملک بدرالدین حوثی نے اپنے ملک پر سعودی عرب کی قیادت والے اتحاد کے حملوں کو ناجائز قرار دیتے ہوئے کہا کہ جب تک جارحیت جاری رہے گی تب تک یمنی قوم ظالموں کے مقابلے میں ڈٹی رہے گی۔

ارنا نے المسیرہ ٹی وی چینل کے حوالے سے رپورٹ دی ہے کہ عبدالملک بدرالدین حوثی نے پیر کے دن اپنی تقریر میں کہا کہ یمن کے خلاف جارحیت جاری رکھنے کا کوئی جواز نہیں ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر فریق مقابل نیک نیتی اور عقل سے کام لیتا تو راہ حل تک پہنچنا ممکن تھا۔ عبدالملک بدرالدین حوثی کا مزید کہنا تھا کہ اگرچہ ہماری قوم کو بے پناہ مشکلات کا سامنا ہے لیکن وہ اپنی اقدار، اخلاق، خودمختاری اور وقار کا دفاع کرتی رہے گی۔

واضح رہے کہ سعودی عرب نے پچیس مارچ سنہ دو ہزار پندرہ سے بعض عرب ممالک کے ساتھ ایک اتحاد قائم کر کے اور امریکہ کی حمایت کے ساتھ یمن کے مفرور سابق صدر عبدربہ منصور ہادی کو اقتدار پر واپس لانے کے لئے یمن اور اس ملک کے عوام کو اپنے وسیع حملوں کا نشانہ بنا رکھا ہے جس کے نتیجے میں اب تک سات ہزار سے زیادہ یمنی شہری شہید اور زخمی ہوچکے ہیں جن میں ایک بڑی تعداد خواتین اور بچوں کی ہے۔ سعودی اتحاد کی جارحیت میں یمن کے دسیوں ہزار افراد بے گھر بھی ہو چکےہیں۔

متعلقہ مضامین

Back to top button