قطر پر حملہ، مسلم ممالک جوابی حملہ نہیں کر سکتے تو اسرائیل سے سفارتی تعلقات ہی منقطع کرلیں، آیت اللہ ریاض حسین نجفی

13 ستمبر, 2025 10:56

شیعیت نیوز : وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے صدر آیت اللہ حافظ سید ریاض حسین نجفی نے جامع علی مسجد حوزہ علمیہ جامعۃ المنتظر ماڈل ٹاؤن میں خطبہ جمعہ دیتے ہوئے کہا کہ رسول خدا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ولادت کے وقت دنیا میں بہت سی تبدیلیاں رونما ہوئیں، قیصر و کسریٰ کے کنگرے ٹوٹ گئے، ہزاروں سال سے جلنے والی آگ بجھی اور دیگر اہم واقعات سامنے آئے۔

انہوں نے کہا کہ رسول خدا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بعثت کے مقاصد کو سمجھنے کی ضرورت ہے۔ سب سے پہلے رسول اللہ پر جو وحی نازل ہوئی، اس کا آغاز "اقرأ” سے ہوا۔ جب تک مسلمان تعلیم و تربیت سے وابستہ رہے، سات سو سال تک دنیا پر حکومت کی، لیکن جب علم سے ناطہ توڑ دیا تو محکومیت کا شکار ہو گئے۔

ان کا کہنا تھا کہنے کو تو ہم مسلمان ہیں لیکن کیا ہمارا معاشرہ واقعی اسلام کے مطابق چل رہا ہے؟ ایسا ہرگز نظر نہیں آتا۔ ہماری شادیوں کو ہی دیکھ لیں، کیا وہ دین محمدی کے مطابق ہیں؟ کیا وہ علی و فاطمہ علیہم السلام کی سادہ شادی کی طرح ہوتی ہیں؟ ہرگز نہیں۔

یہ بھی پڑھیں : 

آیت اللہ حافظ ریاض نجفی نے کہا کہ اصل میں ہمارا مقصد صرف نعرے لگانا رہ گیا ہے۔ قرآن مجید، نہج البلاغہ اور صحیفہ سجادیہ سب بے توجہی کا شکار ہیں۔ ان سے ہمارا رابطہ کمزور ہو چکا ہے، جو کہ افسوسناک ہے۔

انہوں نے قطر پر اسرائیل کے حالیہ حملے کو حماس کی قیادت کو ختم کرنے کی سازش قرار دیا اور کہا کہ گذشتہ چند ماہ میں اسرائیل چھ ممالک پر حملہ کر چکا ہے اور اب ساتویں ملک قطر پر بھی حملہ کر دیا، لیکن مسلم ممالک کی طرف سے صرف مذمت کی جا رہی ہے۔ حالانکہ یہ مذمت تو غیر مسلم بھی کر رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ مسلم ممالک اگر جوابی حملہ نہیں کر سکتے تو کم از کم اسرائیل سے سفارتی تعلقات ہی منقطع کر لیں، لیکن ان میں ایسا کرنے کی جرات بھی نہیں۔ اسرائیل ڈھٹائی سے کہہ رہا ہے کہ وہ دوبارہ بھی حملہ کرے گا۔

آیت اللہ حافظ ریاض نجفی نے پاکستان میں سیلاب کی تباہ کاریوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ملک کا 70 فیصد علاقہ متاثر ہوا ہے۔ ایسی صورتحال سے بچنے کے لیے عملی اقدامات کرنے چاہئیں، لیکن افسوس کہ جب بھی سیلاب آتے ہیں تو ہم زبانی دعوے کرتے ہیں اور بعد میں اسے بھول جاتے ہیں۔

10:32 شام اپریل 15, 2026
بریکنگ نیوز:
اوپر تک سکرول کریں۔