جعفر آباد میں ایم ڈبلیو ایم کا تنظیمی دورہ، یونٹ امام جعفر صادقؑ کی نئی کابینہ تشکیل
شیعیت نیوز : مجلس وحدت مسلمین جنوبی بلوچستان کی ورکنگ کمیٹی کے اراکین علامہ سید ظفر عباس شمسی، علامہ برکت علی مطہری اور سہیل اکبر شیرازی نے ضلع جعفر آباد کا تنظیمی دورہ کیا، جس میں ضلعی صدر سید اسرار شاہ دوپاسی بھی ہمراہ تھے۔
دورے کے دوران تحصیل جھٹ پٹ کے گاؤں تاج پور جمالی میں یونٹ امام جعفر صادقؑ کی نئی کابینہ تشکیل دی گئی۔ اس موقع پر پُرجوش اجلاس منعقد ہوا جس میں مقامی مومنین اور کارکنان نے بھرپور شرکت کی۔ اجلاس میں مجلس علماء مکتب اہل بیتؑ جعفر آباد کے رہنما مولانا سید فضل عباس بھی شریک تھے۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ سید ظفر عباس شمسی نے کہا کہ تنظیم کو فعال بنانے کے لیے گراس روٹ لیول پر محنت اور جدوجہد ناگزیر ہے۔ نوجوان نسل کو تنظیمی صفوں میں شامل کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ شہداء کی قربانیوں اور نظریہ ولایت کے تحفظ کے لیے تنظیمی ڈھانچے کو مضبوط کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔
یہ بھی پڑھیں : گلگت بلتستان کے وسائل پر وفاقی قبضے کی کوشش ناقابل قبول ہے، پارلیمانی لیڈر کاظم میثم
علامہ برکت علی مطہری اور سہیل اکبر شیرازی نے بھی شرکاء سے خطاب کیا اور نو منتخب یونٹ امام جعفر صادقؑ کی کابینہ کو مبارکباد پیش کی۔ ان کا کہنا تھا کہ جنوبی بلوچستان کی ہر تحصیل اور ہر گاؤں میں تنظیم کو فعال اور مؤثر بنایا جائے گا۔
اجلاس کے اختتام پر نو منتخب کابینہ سے حلف لیا گیا اور انہیں تنظیمی ذمہ داریاں سونپی گئیں۔ مقامی کارکنان نے تنظیمی قیادت پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے عہد کیا کہ وہ ملت کے اجتماعی و تنظیمی مقاصد کے حصول کے لیے ہر ممکن جدوجہد کریں گے۔
جشن صادقینؑ
اس موقع پر برادر شہزادہ خان دشتی، تحصیل صدر جھٹ پٹ ضلع جعفر آباد کی جانب سے گوٹھ مولا بخش دشتی میں جشن صادقینؑ منعقد ہوا۔ ورکنگ کمیٹی کے آرگنائزر علامہ سید ظفر عباس شمسی نے خطاب میں پیامبر اکرم حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ اور امام جعفر صادق علیہ السلام کی سیرت طیبہ کو اجاگر کیا اور ان کی تعلیمات پر عمل پیرا ہونے کی تاکید کی۔







