عشق پیغمبر اعظم مرکز وحدت مسلمین کانفرنس 20 ربیع الاول کو اسلام آباد میں منعقد ہوگی
شیعیت نیوز : مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری سیاسیات اور وحدت کانفرنس کے مرکزی کنوینئر سید اسد عباس نقوی نے میڈیا سیل سے جاری بیان میں کہا ہے کہ عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم دنیا بھر کے اہل ایمان کی وحدت و یکجہتی کے اظہار کا دن ہے۔ امام خمینی رحمۃ اللہ علیہ نے مسلم امہ کے درمیان وحدت کو فروغ دینے کے لیے ہفتہ وحدت کے ایام کو منانے کا حکم دیا، جس سے اتحاد امت کی کوششوں کو ایک نئی جہت اور توانائی ملی۔
انہوں نے بتایا کہ ملی یکجہتی کونسل کے زیر اہتمام اسلام آباد میں 20 ربیع الاول کو "عشق پیغمبر اعظم مرکز وحدت مسلمین کانفرنس” کا انعقاد ہو گا جس میں تمام مذہبی جماعتیں شرکت کریں گی۔
مجلس وحدت مسلمین کی میزبانی میں ہونے والی اس کانفرنس میں عظیم الشان دینی وحدت کا مظاہرہ کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں : قطر پر حملہ، مسلم ممالک جوابی حملہ نہیں کر سکتے تو اسرائیل سے سفارتی تعلقات ہی منقطع کرلیں، آیت اللہ ریاض حسین نجفی
سید اسد عباس نقوی نے کہا کہ اس وقت پاکستان اور اس کے اطراف کے مسلم ممالک مختلف مسائل سے دوچار ہیں۔ امریکی آشیر باد کے ساتھ غاصب اور جارح اسرائیل کی صورت میں امت مسلمہ کڑے امتحان سے گزر رہی ہے۔ اسرائیلی جارحیت نے خطے کو ناامن کر دیا ہے۔ کشمیر، غزہ، عراق، لبنان اور یمن کی موجودہ صورتحال اور مسلم امہ کے خلاف جاری سازشوں سمیت اسلامی دنیا کے دیگر مسائل کے پیش نظر دینی جماعتوں کی ذمہ داریاں مزید بڑھ گئی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں دینی مشترکات اور باہمی احترام کے ساتھ، ہر قسم کی تکفیریت سے بالاتر ہو کر امت مسلمہ تک یکجہتی کا پیغام پہنچانا ہے۔ اس اعتبار سے یہ کانفرنس ملی و قومی جذبات کی ترجمان ہو گی۔
اعلان کے مطابق بروز اتوار 14 ستمبر، مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے زیر اہتمام اور ملی یکجہتی کونسل کی جانب سے ہفتہ وحدت کی مناسبت سے عظیم الشان "عشق پیغمبر اعظم مرکز وحدت مسلمین کانفرنس” پاک چائنہ فرینڈ شپ سنٹر اسلام آباد میں منعقد ہو گی جس میں سیاسی و مذہبی جماعتوں کے مرکزی قائدین، علمائے کرام، مشائخ عظام سمیت تمام شعبہ ہائے زندگی کے افراد شریک ہوں گے۔







