بحران عراق کے حل کے لئے تمام جماعتوں کے تعاون کی ضرورت ہے۔قیس الخیر علی
عراق کی تحریک اہل حق نے ملک کے سیاسی بحران کے حل کے لئے تمام سیاسی گروہوں کے تعاون کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
تحریک اہل حق کے جنرل سیکریٹری قیس الخزعلی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ عراق کی تمام جماعتوں اور سیاسی گروہوں کو چاہئے کہ اپنے اختلافات سے دستبردار ہو کر آپسی تعاون کو مستحکم بنائیں اور ملک کا سیاسی بحران ختم کرنے کی کوشش کریں۔ انھوں نے کہا کہ عراق کی صورت حال کو بہتر بنانے کے لئے سب سے پہلے ضروری ہے کہ تمام جماعتیں اپنے اختلافات ختم کریں۔ قیس الخزعلی نے داعش دہشت گرد گروہ کے زیر قبضہ عراقی علاقوں کو آزاد کرانے کے لئے کارروائی میں شمولیت کے لئے تحریک اہل حق کی آمادگی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ تحریک اہل حق، بغداد کے اطراف کے علاقوں اور الکرمہ نیز فلوجہ شہروں کو دہشت گردوں سے آزاد کرانے اور ان تمام علاقوں سے دہشت گردوں کا صفایا کرنے کے لئے کارروئیوں میں حصہ لینے کے لئے آمادہ ہے۔ واضح رہے کہ عراق میں جاری سیاسی بحران اس ملک کی پارلیمنٹ میں سیاسی جماعتوں کے درمیان پائے جانے والے اختلافات کا نتیجہ ہے اور وزیر اعظم حیدر العبادی کی جانب سے نئی کابینہ تشکیل دیئے جانے کے اعلان سے یہ بحران شدت اختیار کر گیا ہے۔








