اربعین حسینی ظلم و استبداد کے خلاف مزاحمت کا پیغام ہے، شیخ ابراہیم زکزاکی
شیخ ابراہیم زکزاکی
شیعیت نیوز : نائیجیریا کی اسلامی تحریک کے رہنما شیخ ابراہیم زکزاکی نے کہا ہے کہ زیارت اربعین اسلامی ثقافت میں ایک خاص مقام رکھتی ہے اور اس زیارت میں امام حسین علیہ السلام کے نسب، پاکیزہ خاندان اور بلند مقام کا ذکر کیا گیا ہے، جبکہ آپ علیہ السلام کی شہادت کو اللہ تعالیٰ کی جانب سے عطا کردہ عظیم کرامت اور بندگانِ برگزیدہ الٰہی کے کمالِ سلوک کا حصہ قرار دیا گیا ہے۔ انہوں نے واقعہ کربلا کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ امام حسین علیہ السلام نے ظلم و استبداد کے سامنے سر تسلیم خم نہیں کیا اور آپ علیہ السلام کی شہادت نے حق و باطل کے درمیان واضح خط کھینچ دیا۔
شیخ زکزاکی نے کہا کہ مکتب امام حسین علیہ السلام اور ثقافتِ ایثار و فداکاری کا نتیجہ یہ ہے کہ ہم ظالموں کے سامنے تسلیم نہیں ہوتے بلکہ شہادت کو ذلت و تسلیم پر ترجیح دیتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ امام حسین علیہ السلام کی تحریک ہمیں یہ درس دیتی ہے کہ حق کے راستے پر ثابت قدم رہنا اور ظلم کے خلاف مزاحمت کرنا مؤمن کی ذمہ داری ہے۔
یہ بھی پڑھیں: حماس سربراہ: غزہ میں 112 شہداء کے پیکر صہیونی جرائم کا زندہ ثبوت ہیں، 9 ہزار سے زائد شہید ابھی تک دفن نہیں ہوئے
نائیجیریا کی اسلامی تحریک کے رہنما نے اربعین حسینی کی عظیم واک کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ آج دنیا کے مختلف خطوں میں لاکھوں افراد امام حسین علیہ السلام کی یاد میں جمع ہو رہے ہیں اور ان کی یہ شرکت عاشورا کے پیغام اور حسینی مکتب کی بقا کا واضح ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اربعین حسینی صرف ایک مذہبی اجتماع نہیں بلکہ امام حسین علیہ السلام کے ساتھ تجدیدِ عہد اور ظلم، استبداد اور ناانصافی کے خلاف جدوجہد کے عزم کا مظہر ہے۔
واضح رہے کہ شیخ زکزاکی کا یہ پیغام ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب غزہ، فلسطین، لبنان اور یمن میں مظلوم مسلمان صہیونی و امریکی جارحیت کا شکار ہیں، اور محورِ مقاومت اربعین کے پیغام کو عملی جامہ پہنانے کے لیے ہر محاذ پر موجود ہے۔







