ایران

پاکستان کی قومی اسمبلی اور سینیٹ کے سربراہوں کے نام ایران کے اسپیکر کے تعزیتی پیغامات

اسلامی جمہوریہ ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر نے پاکستان کی قومی اسمبلی کے اسپیکر ایازصادق اور سینیٹ چیئرمین رضا ربانی کے نام تعزیتی پیغامات ارسال کرکے لاہور کے دہشت گردانہ بم دھماکے میں جاں بحق ہونےوالوں کے لواحقین ، پاکستانی عوام اور حکام کو تعزیت پیش کی ہے ۔

پارلیمنٹ کے اسپیکرڈاکٹرلاریجانی نے اپنے اس تعزیتی پیغامات میں کہا ہے کہ انتہاپسندی اپنی ہر شکل میں ایسی تباہ کن اور خطرناک لعنت ہے کہ جس نے دنیا کے ہر گوشے میں انسانی معاشرے کے وجود کے لئے خطرہ پیدا کردیاہے۔

انہوں نے کہا کہ صرف چند روز کے دوران دنیا کے مختلف علاقوں میں متعدد دہشت گردانہ واقعات سے یہ بات صاف ہوجاتی ہے کہ دہشت گردی اور انتہا پسندی بلاتفریق مذہب و ملت پورے انسانی معاشرے کے لئے مشترکہ خطرہ ہے۔

ڈاکٹر لاریجانی نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران اپنی اصولی پالیسی کے تحت علاقے اور خاص طور پر ہمسایہ ملکوں میں امن و استحکام کی برقراری میں مدددینے کے لئے دہشت گردی اور انتہا پسندی کا مقابلہ کرنےکے لئے ہر اقدام کی حمایت کرتاہے۔

لاہور میں اتوار کو ہونےوالے دہشت گردانہ بم دھماکے میں ستر سے زائد افراد جاں بحق اور تین سو کے قریب زخمی ہوگئے تھے ۔

متعلقہ مضامین

Back to top button