عراق

کسی بھی ملک کی بری فوج شام بھیجے جانے پر عراقی وزیر اعظم کا انتباہ

رپورٹ کے مطابق عراقی وزیراعظم حید العبادی نے بدھ کو خبردار کیا کہ شام میں زمینی فوج کی تعیناتی کے خطرناک نتائج سامنے آئیں گے۔ حیدر العبادی نے اٹلی کے دارالحکومت روم کے دورے کے موقع پر کہا کہ شام کا بحران سیاسی طریقے سے ہی حل کیا جانا چاہئے نہ کہ زمینی فوج بھیج کر، کیوں کہ اس طرح کے اقدامات کے خطرناک نتائج سامنے آئیں گے۔

واضح رہے کہ سعودی وزیرخارجہ عادل الجبیر نے بدھ کو کہا تھا کہ اگر امریکی اتحاد، شام میں داعش کے خلاف زمینی فوج تعینات کرنے کا فیصلہ کرتا ہے تو سعودی عرب اس کارروائی میں شرکت کے لئے تیار ہے۔ گذشتہ ہفتے سعودی عرب کے وزیر دفاع کے ایک مشیر نے کہا تھا کہ ان کا ملک شام میں زمینی کارروائی میں شرکت کے لئے آمادہ ہے۔ متحدہ عرب امارات نے بھی اتوار کو اعلان کیا تھا کہ وہ شام میں داعش دہشت گرد گروہ کے خلاف اتحاد میں اپنی زمینی فوج بھیجنے کو تیار ہے۔ امریکی صدر بارک اوباما، کہ جنہیں افغانستان اور عراق کی جنگوں کے بھاری اخراجات اٹھانے کے بعد مشرق وسطی میں کسی نئی جنگ میں شامل ہونے پر گہری تشویش ہے، کسی بھی وجہ سے شام میں امریکی فوج بھیجنے کا رجحان نہیں رکھتے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button