ایران

ایرانی قوم منطق و رواداری کی حامل ہے، ڈاکٹر روحانی

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے منگل کی رات اپنے ٹی وی انٹرویو میں عشرۂ فجر کی مناسبت سے مبارک باد پیش کرتے ہوئے تاکید کے ساتھ کہا کہ آج پوری دنیا اس بات کو سمجھ چکی ہے کہ ایرانی قوم، منطق و رواداری کی حامل قوم ہے جو علاقائی امن و استحکام کو فروغ دینے میں اپنا اہم کردار ادا کر رہی ہے۔

انھوں نے کہا کہ صیہونیوں اور عالمی استکبار نے علاقائی و عالمی سطح پر وسیع پروپیگنڈہ کرکے ایران اور ایرانی قوم کو تشدد پسند ظاہر کرنے کی کوشش کی ہے تاکہ ایرانو فوبیا کی اپنی پالیسیوں کو آگے بڑھا سکے۔

صدر مملکت نے اسلامی انقلاب کی کامیابی سے لے کر مقدس دفاع میں حاصل ہونے والی کامیابیوں اور حالیہ ایٹمی مذاکرات میں ملنے والی ایرانی قوم کی کامیابی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اب مختلف شعبوں میں بھرپور سرگرمیوں کے لئے پوری دنیا کے ساتھ مفاہمت کا ماحول پیدا ہو گیا ہے جس میں ایران کی مزید ترقی و پیشرفت کے اور زیادہ بہتر مواقع فراہم ہوں گے۔

انھوں نے کہا کہ ایران، تمام ملکوں کے ساتھ تعلقات کے فروغ کا خواہاں ہے اور وہ پابندیوں کے خاتمے کے بعد ان دوست ملکوں کو ہرگز فراموش نہیں کرے گا جو سخت حالات میں ایرانی قوم کے ساتھ کھڑے رہے ہیں۔

ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا کہ علاقے میں ایرانو فوبیا اور کشیدگی پیدا کرنے کی بعض ملکوں کی کوشش سے، خود انھیں ہی نقصان پہنچے گا اور اگر یہ ممالک اپنی ان پالیسیوں سے باز آگئے تو ایرانی قوم انھیں معاف کردے گی۔

صدر مملکت نے کہا کہ کسی بھی ملک نے اگر ایران کے مفادات کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی تو تہران اس سے سختی کے ساتھ پیش آئے گا۔ انھوں نے امید ظاہر کی کہ مشرق وسطی کے ممالک علاقے کی مصلحت کو سمجھیں گے اور منطق کو بروئے کار لائیں گے۔

ایران کے صدر نے کہا کہ تہران دہشت گردی کے خلاف مہم میں عراق اور شام کی مدد کرتا رہے گا اور اس کا خیال ہے کہ ان ممالک کا مستقبل ان ملکوں کی قوموں کے ہاتھوں ہی طے ہو سکتا ہے۔ انھوں نے تاکید کے ساتھ کہا کہ شام کا بحران صرف سیاسی طریقے سے ہی حل ہو سکتا ہے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button