آسٹریلیا میں داعش کے جہادی بھرتی کرنے والا سرغنہ مارا گیا

03 فروری, 2016 00:00

شیعیت نیوز: آسٹریلیا میں دہشت گرد تنظیم ’اسلامک اسٹیٹ‘ کے لیے نئے جہادی بھرتی کرنے والا اہم ترین عسکریت پسند نیل پرکاش مارا گیا ہے۔ یہ شدت پسند ملک میں ایک قومی دن کی تقریبات کے موقع پر مبینہ حملے کی منصوبہ بندی میں بھی ملوث تھا۔
 
سڈنی سے موصولہ نیوز ایجنسی اے ایف پی کی رپورٹوں میں آسٹریلین میڈیا کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ ’اسلامک اسٹیٹ‘ یا داعش کے لیے آسٹریلیا میں ’بھرتیاں کرنے والے سب سے تجربہ کار شدت پسند‘ کا نام نیل پرکاش تھا، جس کی موت کی اطلاع محفوظ کمیونیکیشن کے لیے استمعال ہونے والی ایپلیکیشن ’ٹیلیگرام‘ پر ایک آن لائن پوسٹ میں دی گئی۔

امریکا، فرانس، برطانیہ، جرمنی، ہالینڈ، اٹلی اور آسٹریلیا کے دفاعی سربراہان آج پیرس میں ایک ملاقات کر رہے ہیں۔ اس اجلاس کا مقصد داعش کے خلاف فوجی تعاون کو بڑھانا ہے تاہم اس میں کسی عرب ملک کو مدعو نہیں کیا گیا۔

اخبار میلبورن ہیرالڈ پوسٹ نے لکھا ہے کہ ’ٹیلیگرام‘ پر اس پوسٹ میں نیل پرکاش کی موت کا حوالہ دیتے ہوئے داعش کے ایک رکن کا حوالہ دیا گیا۔

اس آسٹریلوی اخبار نے لکھا ہے کہ ’ٹیلیگرام‘ پر شائع کی گئی پوسٹ میں نیل پرکاش کی موت کی تصدیق کرنے والے جہادی کا نام نہیں بتایا گیا۔ میلبورن کے اس روزنامے کے مطابق اس بارے میں کوئی تفصیلات دستیاب نہیں کہ 2013ء میں آسٹریلیا کو خیرباد کہہ دینے والا نیل پرکاش کب، کہاں اور کن حالات میں مارا گیا۔

آسٹریلوی اٹارنی جنرل جارج برینڈس کے دفتر کے ایک ترجمان نے اس بارے میں کہا، ’’شام اور عراق میں سلامتی کی بہت خراب صورت حال کے ب‍اعث حکومت فی الحال ان رپورٹوں کی تصدیق نہیں کر سکتی کہ نیل پرکاش مارا گیا ہے۔‘‘

اے ایف پی نے لکھا ہے کہ نیل پرکاش، جو ابو خالد الکمبوڈی کے نام سے بھی جانا جاتا ہے، ایک ایسے دہشت گردانہ حملے کے منصوبے میں بھی ملوث تھا، جو Anzac Day کےقومی دن کے موقع پر کیا جانا تھا۔ اس دن آسٹریلیا میں اس ملک کے جنگوں میں مارے جانے والے فوجیوں اور عام شہریوں کو یاد کیا جاتا ہے۔

دہشت گردوں نے یہ حملہ گزشتہ برس 25 اپریل کو کرنے کا پروگرام بنایا تھا اور اس دہشت گردی کی منصوبہ بندی کے سلسلے میں ایک 19 سالہ ملزم Sevdet Besim کو اپنے خلاف عدالتی الزامات کا سامنا ہے۔

اس کے علاوہ برطانیہ میں گزشتہ برس اکتوبر میں ایک ایسے 15 سالہ لڑکے کو بھی پانچ سال قید کی وہ کم سے کم سزا سنا دی گئی تھی، جس نے ملزم بیسِم کو اس بات پر آمادہ کیا تھا کہ اسے ’اینزاک ڈے‘ کے موقع پر آسٹریلیا میں ایک ’بڑا دہشت گردانہ حملہ‘ کرنا چاہیے۔

6:42 شام اپریل 30, 2026
بریکنگ نیوز:
اوپر تک سکرول کریں۔