پاکستان

پنجاب میں اسکول سردی کی وجہ سے نہیں ،طالبان کے خوف سے بند ہوئے ہیں ،رپورٹ

شیعیت نیوز:  وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سے منگل 26 جنوری کو ملنے والی نیوز ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس کی رپورٹوں کے مطابق صوبہ پنجاب میں تمام اسکولوں کی بندش کی وجہ سے متعلق یہ بات ایک حکومتی میمو میں کہی گئی ہے۔

اس داخلی میمو کی ایسوسی ایٹڈ پریس کو ملنے والی ایک کاپی کے مطابق حکومت کو ملکی انٹیلی جنس اداروں کی طرف سے یہ خفیہ اطلاع ملی کہ پاکستان کے ہمسایہ ملک افغانستان سے 13 تکفیری طالبان جنگجو پاکستان میں اسکولوں پر خود کش بم حملوں کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔

مختلف نیوز ایجنسیوں کے مطابق پنجاب کے صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود احمد نے کل پیر 25 جنوری کو رات گئے یہ اعلان کیا تھا کہ صوبے کے تمام اسکول اس مہینے کے آخر یعنی 31 جنوری تک بند رہیں گے۔

اہم بات یہ ہے کہ صوبائی وزیر تعلیم نے اسکولوں کی ایک ہفتے تک اس بندش کا اعلان کرتے ہوئے دہشت گردی کے کسی ممکنہ خطرے یا اس حوالے سے انٹیلی جنس اداروں کی کسی وارننگ کا کوئی ذکر نہیں کیا تھا۔ اس کے برعکس رانا مشہود احمد کہا تھا کہ تعلیمی اداروں کو بند کرنے کا فیصلہ صوبے میں بہت زیادہ سردی اور بےتحاشا دھند کی وجہ سے کیا گیا ہے۔

ایسوسی ایٹڈ پریس نے مزید لکھا ہے کہ حکومت کو خفیہ اداروں کی طرف سے یہ وارننگ صوبہ خیبر پختونخوا میں چارسدہ کے شہر میں باچا خان یونیورسٹی پر کیے گئے حالیہ دہشت گردانہ حملے کے صرف ایک ہفتے بعد کی گئی ہے۔

یہ دہشت گردانہ حملہ پاکستانی طالبان کی مرکزی تنظیم کے ایک باغی دھڑے کی طرف سے کیا گیا تھا، جس میں 21  جان بحق ہوئے تھے اور جن میں سے اکثریت یونیورسٹی کے طلبہ و طالبات کی تھی۔

متعلقہ مضامین

Back to top button