مشرق وسطی

شام کے مختلف صوبوں میں دسیوں دہشت گرد ہلاک

شام کی نیوز ایجنسی سانا کی رپورٹ کے مطابق شام کی فوج نے صوبہ ادلب کے علاقوں کفرسجنہ اور جبل الاربعین میں کارروائی کر کے سعودی عرب اور ترکی سے تعلق رکھنے والے کئی دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا ہے۔ دہشت گرد گروہوں نے جبل الاربعین میں اپنے بھاری جانی نقصان اور اپنے افراد کی ہلاکت کا اعتراف کیا ہے۔ اسی طرح شامی ذرائع نے خبر دی ہے کہ کفر سجنہ میں دہشت گرد گروہ جبہۃ النصرہ کے ٹھکانوں پر شامی فوج کے توپ خانے کے حملے میں کم از کم تئیس دہشت گرد مارے گئے ہیں۔

ایک اور رپورٹ کے مطابق لاذقیہ کے علاقے میں شامی فوج نے دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے الکندیسیہ، السکریہ اور القبقلیہ دیہاتوں اور لاذقیہ کے شمال میں واقع السندیان، کزبر، الکندیسیہ اور خنادیق پہاڑیوں کو مکمل طور پر آزاد کرا لیا ہے۔ اس کارروائی میں متعدد دہشت گرد ہلاک ہوئے ہیں۔

دوسری جانب دہشت گرد گروہ داعش کے افراد نے اپنے اہل خانہ کو الباب علاقے سے ترکی کی سرحد کے قریب واقع گاؤں الراعی منتقل کرنا شروع کر دیا ہے جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ داعش نے الباب شہر سے پسپا ہونا شروع کر دیا ہے۔

روس اور شام کے جنگی طیاروں نے بھی حلب کے شمالی علاقے میں جبہۃ النصرہ اور جیش الفتح دہشت گرد گروہوں کے ٹھکانوں پر بمباری کی ہے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button