پاکستان

دہشتگردوں کی فنڈنگ کے راستے بند نہ کرنا حکومتی نااہلی ہے، صاحبزادہ حامد رضا

سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے فیصل آباد میں تقریب سے خطاب میں کہا ہے کہ قوم دفاعی اداروں کے خلاف کو ئی سازش کامیاب نہیں ہونے دے گی، قوم کی توقعات نواز شریف نہیں راحیل شریف سے وابستہ ہیں، پنجاب حکومت جنوبی پنجاب میں دہشتگردوں کی نرسریاں ختم نہیں کر سکی، جنوبی پنجاب دوسرا وزیرستان بن چکا ہے، دہشتگردوں کے فنڈنگ کے راستے بند نہ کرکے حکومت نے نا اہلی کا ثبوت دیا ہے، کالعدم تنظیموں کے ہمدرد پنجاب کابینہ میں بیٹھے ہوئے ہیں، ن لیگ اور پیپلز پارٹی پاک فوج سے متعلق متعصبانہ رویہ رکھتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت منافقانہ پالیسی چھوڑ دے اور وزیر اعظم کھل کر دفاعی اداروں کیساتھ کھڑے ہوں، کرپٹ افراد کی حمایت جمہوریت اور ملک دشمنی ہے، ن لیگ اور پیپلز پارٹی ایک دوسرے کی انشورنس پالیساں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملکی سیاست کو مافیاز نے یرغمال بنا رکھا ہے، ملک کو دیانتدار اور اہل قیادت کی ضرورت ہے، حکومت ہر محاذ پر ناکام ہو چکی ہے، بجلی اور گیس کی لوڈشیڈنگ نے عوام کی زندگی اجیرن بنا رکھی ہے، حکومت غربت کے بجائے غریبوں کو ختم کر رہی ہے، غربت کی وجہ سے ہونیوالی ہلاکتوں کی ایف آئی آر حکمرانوں کیخلاف درج ہونی چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ رینجرز کے اختیارات محدود کرنا ملک و قوم سے غداری ہے، احتساب کا عمل پنجاب میں بھی شروع ہونا چاہیئے، پاکستان میں بیرونی ملکی مداخلت ختم کئے بغیر دہشتگردی ختم نہیں ہو سکتی، دہشتگردی میں ملوث مدارس کیخلاف آپریشن کیا جائے اور مدارس کی رجسٹریشن کا کام جنگی بنیادوں پر مکمل کیا جائے، نیشنل ایکشن پلان کے صرف چند نکاتوں پر عمل ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کرپشن کی دیمک نے پاکستان کو کھوکھلا کر دیا ہے، ن لیگ کی حکومت 3 سالوں میں مستقل وزیر خارجہ بھی نہیں دے سکی، فاٹا میں اصلاحات کے معاملہ پر حکومت مجرمانہ غفلت کا مظاہرہ کر رہی ہے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button