یمن

یمن: جنگ بندی کے موقع پر سعودی بمباری، متعدد شہری شہید

العالم ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق سعودی عرب کے لڑاکا طیاروں نے اپنی تازہ جارحیت میں یمن کے صوبہ حجہ کے علاقے حرض پر بمباری کی جس کے نتیجے میں گیارہ یمنی شہری شہید اور تیرہ زخمی ہوگئے۔ شہید ہونے والوں میں کئی بچے اور عورتیں شامل ہیں۔ ادھر یمن کے طبی ذرائع نے اعلان کیا ہے کہ یمن کے جنوبی صوبے تعز میں واقع ایک رہائشی بستی اور بجلی گھر پر ہونے والے سعودی عرب کے لڑاکا طیاروں کے حملے میں چار یمنی شہری شہید اور کئی دیگر زخمی ہوگئے ہیں۔

یمن کے جنوبی صوبے لحج میں بھی جارح سعودی لڑاکا طیاروں نے وحشیانہ حملہ کیا ہے اور اس حملے میں اطلاعات کے مطابق کم سے کم چھے عام شہری شہید ہوگئے۔ اس حملے میں دو افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔ یمن کے شمالی صوبے صعدہ میں واقع علاقے ضحیان میں بھی سعودی عرب کے لڑاکا طیاروں نے عام شہریوں کو نشانہ بنایا ہے جس کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے چار افراد شہید ہوگئے۔ پیر کے روز دارالحکومت صنعا کے مختلف علاقوں پر بھی جارحین نے حملے کئے ہیں۔ ابھی تک کی اطلاعات کے مطابق ان حملوں میں کئی افراد زخمی ہوئے ہیں۔

دریں اثنا یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس نے یمن کے وسطی صوبے مآرب میں جدعان علاقے کی طرف سعودی عرب اور اس کے ایجنٹوں کی پیش قدمی کو ناکام بنا دیا ہے۔ یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس کی اس کارروائی میں بہت سے سعودی ایجنٹ ہلاک اور زخمی ہوئے ہیں۔ ادھر سعودی اتحاد کے فوجی عہدیداروں نے یمن کے جنوبی صوبے تعز میں یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس کے پیر کو ہونے والے حملے میں ایک سینئر سعودی فوجی کمانڈر اور متحدہ عرب امارات کے ایک فوجی افسر کے ہلاک ہونے کی تصدیق کی ہے۔ دوسری طرف المسیرہ ٹی وی نے اعلان کیا ہے کہ یمن کے علاقے باب المندب میں جارحین کے فوجی مرکز پر ہونے والے میزائل حملے میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد ایک سو باون ہے۔

قابل ذکر ہے کہ یمن کے سابق مفرور صدر منصور ہادی کے دفتر انچارج مختار الرحبی نے پیر کی رات سے یمن میں جنگ بندی کی خبر دی ہے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button