یمن

سعودی عرب کے اگلے مورچوں پر یمنی افواج کا قبضہ

یمن کی مسلح افواج کے ترجمان شرف لقمان نے اعلان کیا ہے کہ یمنی افواج نے سعودی عرب کے اگلے مورچوں پر قبضہ کر لیا ہے۔ شرف لقمان نے منگل کو لبنان کی العہد نیوز ویب سائٹ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یمنی مسلح افواج یمن کے شمالی صوبوں اور سعودی عرب کے جنوبی علاقوں میں وسیع پیمانے پر موجود ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یمنی افواج یمن کے ان علاقوں کو واپس لینے کی کوشش کر رہی ہیں جن پر سعودی عرب نے اسی سال پہلے قبضہ کرلیا تھا۔

یمن کی مسلح افواج کے ترجمان نے کہا کہ یمنی افواج نے گزشتہ چند روز کے دوران ایک ہزار سے زیادہ میزائل اور توپ کے گولے استعمال کرکے یمن کی شمالی پٹی کو آزاد کرالیا ہے اور سعودی عرب کے چالیس سے زیادہ فوجی اڈوں پر قبضہ کرلیا ہے۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ یمنی افواج نے سعودی عرب کی پچھتر فوجی گاڑیوں کو بھی تباہ کردیا ہے جن میں امریکی ٹینک اور بکتر بندگاڑیاں بھی شامل ہیں۔ شرف لقمان نے کہا کہ ملک کے اندر یمن نے دفاعی اسٹریٹیجی کے بجائے اب حملہ کرنے کی اسٹریٹیجی اپنا لی ہے اور یمنی فوج علاقے میں امریکا کے حمایت یافتہ دہشت گرد گروہوں داعش اور القاعدہ کے عناصر سے مقابلہ کر رہی ہے۔

ادھر سعودی عرب کے لڑاکا طیاروں نے منگل کو یمن کے شمال مغربی صوبے حجہ میں واقع حرض علاقے کو چار بار اپنے حملوں کا نشانہ بنایا ہے۔ اس حملے میں سعودی عرب نے ممنوعہ ہتھیاروں کا استعمال کیا ہے۔ ابھی تک اس حملے میں ہونے والے جانی یا مالی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ملی ہے۔

اس سے پہلے سعودی لڑاکا طیاروں نے یمن کے جنوبی صوبے لحج کے علاقے الشریجہ پر بارہ دفعہ کلسٹر بموں سے حملہ کیا تھا۔ سعودی عرب کے لڑاکا طیاروں نے پیر کی رات یمن کے وسطی صوبے مآرب میں واقع تاریخی حریب قلعے پر کئی بار حملہ کیا تھا جس کے نتیجے میں اس تاریخی قلعے کے بہت سے حصے تباہ ہوگئے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button