مشرق وسطی

کویت: بین الاقوامی دہشت گرد گروہ کے عناصر گرفتار

کویت کی وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ ملک کی سیکورٹی فورس کے اہلکاروں نے لبنان کے ایک شہری کی قیادت میں سرگرم بین الاقوامی دہشت گرد گروہ کے عناصر کو گرفتار کیا ہے۔ گرفتار ہونے والوں میں لبنان کا ایک، مصر کے پانچ ، آسٹریلیا کے دو اور کویت کا ایک شہری شامل ہے۔ کویت کی وزارت داخلہ نے اس بین الاقوامی دہشت گرد گروہ کے سرغنے کا نام ظاہر نہیں کیا ہے۔ اس دہشت گرد گروہ کے سرغنے نے داعش کو رقم اور اسلحہ فراہم کرنے کا اعتراف کر لیا ہے۔ اس نے یہ اعتراف بھی کیا ہے کہ وہ کویت میں داعش کے کوارڈی نیٹر کے طور پر کام اور ہتھیاروں کی خریداری کا راستہ ہموار کرتا رہا ہے۔ کویت کی عدلیہ نے حالیہ ایک برس کے دوران داعش کے متعدد حامیوں پر مقدمہ چلایا ہے۔ کویت میں چھبیس جون کو نماز جمعہ کی ادائیگی کے موقع پر دہشت گرد گروہ داعش نے انتہائی وحشیانہ حملہ کیا تھا جس میں کویت شہر میں واقع مسجد امام صادق کے امام جماعت کے علاوہ چھبیس نمازی بھی شہید ہوگئے تھے ۔ اس حملے میں دو سو ستائیس افراد زخمی بھی ہوئے تھے۔ یہ کویت میں ہونے والا دہشت گردی کا بدترین واقعہ شمار ہوتا ہے۔ اس واقعے کے تین ماہ بعد اس ملک کی فوجداری عدالت نے جج محمد الدعیج کی سربراہی میں سات مجرموں کو مسجد امام صادق پر حملے میں ملوث ہونے کے جرم میں سزائے موت سنائی اور گیارہ ملزمین کو بری کر دیا۔

متعلقہ مضامین

Back to top button