ناصبی تکفیری جماعت تحریک لبیک کے پرتشدد مظاہرے، 2716 شدت پسند گرفتار
شیعیت نیوز : پنجاب بھر میں انتہا پسند تکفیری مذہبی جماعت تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے پرتشدد مظاہروں کے خلاف پولیس کا کریک ڈاؤن جاری ہے، جس کے نتیجے میں اب تک 2716 کارکنان کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔
لاہور میں ٹی ایل پی کے مظاہرے کے دوران پُرتشدد کارروائیوں، املاک کی توڑ پھوڑ اور پولیس پر حملوں کے الزامات میں پنجاب پولیس نے مختلف اضلاع سے ہزاروں شدت پسندوں کو حراست میں لیا۔
یہ بھی پڑھیں : سلامتی کونسل کے ساتھ کھلواڑ بند کیا جائے، ایرانی وزیر خارجہ
لاہور سے 251، شیخوپورہ سے 178، منڈی بہاؤالدین سے 190، راولپنڈی سے 155، فیصل آباد سے 143، گوجرانوالہ سے 135، سیالکوٹ سے 128 اور اٹک سے 121 افراد گرفتار کیے گئے۔
پولیس کے مطابق ان شدت پسند عناصر کے خلاف پنجاب بھر کے تھانوں میں 76 مقدمات درج کیے گئے ہیں، جن میں سے سب سے زیادہ 39 مقدمات لاہور میں اور 8 مقدمات شیخوپورہ میں درج ہوئے۔
پرتشدد مظاہروں کے دوران 250 پولیس افسران اور اہلکار زخمی ہوئے، جبکہ ایک پولیس انسپکٹر شہید ہوا۔ لاہور میں سب سے زیادہ 142 اہلکار زخمی ہوئے، جبکہ شیخوپورہ میں 48 اہلکاروں کو چوٹیں آئیں۔
مریدکے میں پولیس کریک ڈاؤن کے دوران مزید 253 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔ پولیس نے جیوفینسنگ مکمل کر لی ہے اور کلوز سرکٹ فوٹیجز کا تجزیہ جاری ہے تاکہ مزید شرپسندوں کی شناخت کی جا سکے۔
ذرائع کے مطابق، اسپتالوں میں زیر علاج زخمی کارکنوں کو ڈسچارج ہونے پر گرفتار کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ املاک کی توڑ پھوڑ اور بلوے میں ملوث افراد کی شناخت کے لیے موبائل فرانزک بھی جاری ہے۔
رپورٹ کے مطابق، پرتشدد احتجاج، بلوے اور توڑ پھوڑ میں ملوث افراد کے مدارس کی تفصیلات بھی اکٹھی کر لی گئی ہیں، اور اعلیٰ حکام کی ہدایات کے بعد ان مدارس کے خلاف بھی کارروائی متوقع ہے۔
پولیس نے گرفتار ملزمان کے واٹس ایپ گروپس میں شامل افراد کی شناخت کا عمل بھی شروع کر دیا ہے۔ ان کے خلاف درج مقدمات میں دہشت گردی، اقدامِ قتل، ڈکیتی اور پولیس مقابلے کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔







