غزہ میں اسرائیلی جرائم اور جنگ بندی کی خلاف ورزیاں جاری، ایران کی شدید مذمت
شیعیت نیوز: ایرانی وزارتِ خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے غزہ میں اسرائیلی جرائم اور جنگ بندی کی مسلسل خلاف ورزیوں پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔
ترجمان نے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اسرائیلی حملوں کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ان حملوں میں کم از کم دس فلسطینی شہید یا زخمی ہوئے۔
انہوں نے مغربی کنارے میں زیتون کے باغات کی تباہی، رہائشی مکانات کو آگ لگانے اور مسجد اقصیٰ کی بے حرمتی جیسے واقعات کو صریح جنگی جرائم قرار دیتے ہوئے عالمی اداروں سے مؤثر کارروائی کا مطالبہ کیا۔
یہ بھی پڑھیں : غزہ جنگ بندی معاہدے کے بعد ٹرمپ انتظامیہ کا اعلیٰ عہدیدار مستعفی
اسماعیل بقائی نے کہا کہ جنگ بندی کی ضمانت دینے والے ممالک اپنی ذمہ داری پوری کریں اور اسرائیلی حکومت کو جوابدہ ٹھہرائیں تاکہ وہ فلسطینیوں کے خلاف اپنے جرائم کو جاری نہ رکھ سکے۔
انہوں نے خبردار کیا کہ اسرائیلی حکومت جنگ بندی کے اعلانات کو دھوکہ دہی کے طور پر استعمال کر رہی ہے تاکہ بین الاقوامی دباؤ کو وقتی طور پر کم کر کے اپنے جرائم کا سلسلہ جاری رکھ سکے۔
ترجمان نے مزید کہا کہ اگر جنگ بندی کے ضامن ممالک ان سنگین خلاف ورزیوں پر خاموش رہے تو اس کے خطرناک اور طویل المدت نتائج برآمد ہوں گے، جو خطے کے امن و استحکام کو متاثر کر سکتے ہیں۔







