امت مسلمہ کی نجات اتحادِ امت میں پوشیدہ ہے: علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی

15 اکتوبر, 2025 18:49

شیعیت نیوز : شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل اور ملی یکجہتی کونسل پاکستان کے مرکزی نائب صدر علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی نے کہا ہے کہ عالم اسلام کے مابین فکر و مؤقف کی ہم آہنگی وقت کی اہم ضرورت ہے، کیونکہ اسی فقدان نے آج امت مسلمہ کو عالمی سطح پر اہل اسلام کے دیرینہ مسائل کے حل میں منتشر کر رکھا ہے۔

اسلام آباد میں جناح کنونشن سینٹر میں مسلم ورلڈ لیگ کے زیرِ اہتمام پاکستانی علمائے کرام کے دوسرے مشاورتی اجلاس میں "پوزیشنز کی ہم آہنگی اور مؤقف کے اتحاد” کے عنوان سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے علامہ میثمی نے کہا کہ اتحادِ امت کا محور و مرکز ذاتِ ختمی مرتبت حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کی ذاتِ مقدسہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ نبی کریم ﷺ کی سیرتِ طیبہ پر عمل پیرا ہو کر اہل اسلام دنیا و آخرت میں سرخرو ہو سکتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : اسلامی عدلیہ کی روح فقہ و اخلاق کے امتزاج میں پوشیدہ ہے: آیت اللہ علی رضا اعرافی

علامہ شبیر میثمی نے میڈیا کے گمراہ کن کردار پر تنبیہ کرتے ہوئے کہا کہ جھوٹی اور غیر ذمہ دارانہ خبریں امت کی وحدت کو کمزور کرتی ہیں۔
انہوں نے یاد دلایا کہ قرآن کریم میں اللہ تعالیٰ فرماتا ہے: "اور جس چیز کا تمہیں علم نہیں، اس کے پیچھے نہ پڑو” (سورۂ بنی اسرائیل، آیہ 36) — اس آیت کی روشنی میں میڈیا کو چاہیے کہ حق اور انصاف کی تبلیغ کے ذریعے امت کے اتحاد کو مضبوط کرے۔

انہوں نے مزید کہا کہ امت مسلمہ کا اتحاد قرآن کا آفاقی پیغام ہے، کیونکہ اللہ کا حکم ہے کہ "اللہ کی رسی کو مضبوطی سے تھامے رکھو اور تفرقہ نہ ڈالو”۔
علامہ میثمی نے زور دیا کہ رسول اکرم ﷺ کی سیرتِ طیبہ اتحادِ امت کے لیے بہترین نمونہ ہے، اور اب وقت آگیا ہے کہ اہل اسلام پیغمبر اکرم ﷺ کی سیرت پر عمل کرتے ہوئے فلسطین سمیت عالم اسلام کے دیرینہ مسائل کو مشترکہ مؤقف کے ذریعے حل کریں۔

انہوں نے کہا کہ امت مسلمہ کی دنیا و آخرت میں کامیابی کا راز اتحاد و اتفاق میں مضمر ہے، اور باہمی اختلافات کو ختم کیے بغیر امت واحدہ کا قیام ممکن نہیں۔

اس پروقار تقریب کی صدارت مسلم ورلڈ لیگ کے سیکرٹری جنرل الشیخ ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسٰی نے کی،
جبکہ مہمانِ خصوصی وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف تھے۔

تقریب میں سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی، مولانا فضل الرحمان، مولانا طاہر محمود اشرفی، مولانا عبد الخبیر آزاد، مولانا راغب نعیمی، اور شیعہ علماء کونسل کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات زاہد علی آخونزادہ سمیت دیگر ممتاز مذہبی اسکالرز نے شرکت کی۔

10:32 صبح مارچ 11, 2026
بریکنگ نیوز:
اوپر تک سکرول کریں۔