پشاور حملے کی منصوبہ بندی افغانستان میں ہوئی اور دہشتگرد بھی وہیں سے آئے، ترجمان پاک فوج
پشاور: ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل عاصم باجوہ بڈھ بیر حملے میں 29 افراد کی شہادت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ حملے میں ملوث دہشت گرد افغانستان سے آئے جب کہ اس کی منصوبہ بندی بھی وہیں پر ہوئی۔
پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پاک فوج ترجمان میجر جنرل عاصم باجوہ نے بتایا کہ بڈھ بیر میں ایئرفورس کے کیمپ میں صبح 5 بج بجے کی قریب 13 سے 14 دہشت گرد داخل ہوئے، دہشت گردوں 2 گروپوں میں گاڑیوں میں آئے اور گیٹ کے قریب گاڑی سے اتر کر راکٹ لانچر اور فائرنگ کرتے ہوئے ایک گروپ ٹیکنیکل ایریا اور دوسرا گروپ وہیکل ایریا میں داخل ہوا تاہم گیٹ پر موجود ایئرفورس کے گارڈز نے دلیری کا مظاہرہ کرتے ہوئے انہیں روک لیا۔
ترجمان پاک فوج نے بتایا کہ حملے کے بعد 10 منٹ میں کوک ری ایکشن فورس بھی موقع پر پہنچ گئی اور دہشت گردوں کو پہلے 50 میٹر کے اندر روک دیا گیا اس کے بعد جو بھی لڑائی ہوئی اسی ایریا میں ہوئی لیکن اسی دوران دہشت گردوں نے مسجد کا رخ کیا جہاں موجود نمازیون پر حملہ کردیا۔ انہوں نے کہا کہ 8 دہشت گرد مسجد کی جانب گئے جنہیں کوئیک ری ایکشن فورس نے گھر کر وہیں پر ختم کردیا جب کہ دوسرے گروپ کو بھی وہیکل ایریا سے آگے بڑھنے نہیں دیا گیا اور ان کا بھی وہیں پر خاتمہ کردیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ حملے کے دوران میں کوئی خود کش حملہ نہیں ہوا تمام دہشت گردوں کو گھیر کر مارا گیا ہے۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ حملے میں پاک فوج کے کیپٹن سمیت 29 افراد شہید ہوئے جن میں سے 23 کا تعلق پاک فضائیہ سے ہے جب کہ واقعے میں 29 افراد زخمی ہوئے اور فورسز کی کارروائی میں تمام 13 دہشت گرد مارے گئے۔ انہوں نے کہا کہ حملے کی مںصوبہ بندی افغانستان میں کی گئی اور دہشت گرد بھی وہیں سے آئے جب کہ حملے کے وقت دہشت گردوں کو افغانستان سے ہی کنٹورل کیا جاتا رہا تاہم مزید تفصیلات انٹیلی جنس کی رپورٹ آنے کے بعد ہی پتا چل سکیں گی۔ میجر جنرل عاصم باجوہ کا کہنا تھا کہ افغانستان کا نام ثبوتوں کی بنا پر لیا گیا جب کہ افغانستان کے کراسنگ پوائنٹس سیکیورٹی رسک ہیں جہاں سے 35 ہزار افراد افغان بارڈر سے روزانہ آتے ہیں اور دہشت گرد پاکستان میں آکر کھل مل جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ افغان حکومت اور یاست دہشت گرد حملے میں ملوث نہیں ہوسکتی کیوں کہ ان سے ہمارے برادرانہ تعلقات ہیں لیکن افغان مہاجرین ہمارے لیے سیکیورٹی رسک ہے۔








