سعودی شہر الربوعہ کے فوجی اڈوں پر یمنی فوج اور عوامی فورس کا مکمل کنٹرول
اطلاعات کے مطابق یمن کی فوج اور عوامی فورس کے جوانوں نے سعودی عرب کے شہر الربوعہ کے اطراف میں واقع سعودی فوجی اڈوں پر مکمل کنٹرول حاصل کرکے سعودیوں کے فوجی ساز و سامان کو تباہ کردیا-
المسیرہ ٹی وی نے سعودی سرزمین پر یمنی مزاحمت کاروں کی پیش قدمی کی نئی ویڈیو نشر کی ہے جس میں دکھایا گیا ہے کہ یمن کی فوج اور عوامی فورس کے جوان الربوعہ شہر کے اطراف میں واقع فوجی اڈوں میں داخل ہو رہے ہیں۔
اس ویڈیو میں سعودی فوجی یمنی فوج اور عوامی فورس کے ان حملوں کا مقابلہ کرتے نظر نہیں آتے بلکہ اپنے اڈوں کو چھوڑ کر بھاگتے دکھائی دے رہے ہیں- یمنیوں نے یہ حملے ایسے حالات میں انجام دیئے کہ علاقے میں سعودی ہیلی کاپٹر پرواز کر رہے تھے-
دریں اثنا سعودی عرب کے لڑاکا طیاروں نے اپنی تازہ جارحیت میں صنعا کے شمال میں واقع انقلاب اسٹیڈیم اور جراف علاقے پر حملے کئے ہیں جن میں دس سے زیادہ افراد شہید ہوگئے-
شہید ہونے والوں میں کئی عورتیں اور بچے شامل ہیں-
صنعا کے مشرق میں الحفا فوجی اڈے اور شمال میں ایک ٹی وی چینل کی عمارت کو بھی سعودی لڑاکا طیاروں نے اپنے حملوں کا نشانہ بنایا ہے-
یمن کے وسطی صوبے اب کے علاقے الریم پر بھی سعودی لڑاکا طیاروں نے حملہ کیا ہے جس کے نتیجے میں کئی یمنی شہری شہید اور زخمی ہوگئے-
اسی کے ساتھ ساتھ تعز شہر کے مشرق میں واقع ملت محل کے اطراف میں شدید لڑائی جاری رہنے کی بھی اطلاعات ہیں البتہ یمنی ذرائع نے بتایا ہے کہ یمن کے سابق مفرور صدر منصور ہادی کے حامی مسلح افراد اس محل پر کنٹرول حاصل کرنے میں ناکام رہے ہیں-
دوسری طرف یمن کے مشرقی علاقے ملعا پر سعودی لڑاکا طیاروں نے اپنے ہی ایجنٹوں پر حملہ کردیا جس کے نتیجے میں دسیوں سعودی ایجنٹ ہلاک ہوگئے- سعودی لڑاکا طیاروں نے صوبہ صعدہ کے عصر علاقے میں ایک اقتصادی ادارے اور کتاف شہر میں ایک اسکول پر بھی بمباری کی ہے- اس بمباری کے نتیجے میں ہونے والے جانی اور مالی نقصان کی کوئی رپورٹ موصول نہیں ہوئی ہے-