آج کا پاکستان علامہ اقبال کا نہیں بلکہ سر سید کا پاکستان ہے، علامہ سید جواد نقوی

15 اگست, 2015 00:00

یوم آزادی پاکستان کے موقع پر جامعہ عروۃ الوثقٰی لاہور مین ایک باشکوہ تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے جامعہ کے سربراہ علامہ سید جواد نقوی نے کہا کہ پاکستان اسلامی نظریہ کی بنیاد پر قائم ہوا۔ انہوں نے مصور پاکستان علامہ محمد اقبال کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ وہ پاکستان کو ایک آزاد اسلامی نظریاتی مملکت کے طور پر دیکھتے تھے، لیکن ان کے خواب کی تکمیل نہیں ہوسکی اور آج کا پاکستان علامہ اقبال کا نہیں بلکہ سر سید کا پاکستان ہے، جہاں اسلامی نظام کی بجائے سیکولر نظام حکمران ہے۔ علامہ سید جواد نقوی نے کہا پاکستان کو دہشت گردی کے عفریت میں جھونکنے والے سیکولر حکمران ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج وہ لوگ علامہ محمد اقبال کے کلام اور فلسفہ کی تشریح کر رہے ہیں، جنہیں فکر اقبال کی ابجد بھی معلوم نہیں۔ انکا کہنا تھا کہ افسوس کا مقام ہے کہ پاکستان دشمن اور کالعدم عناصر پاکستان کی پارلیمنٹ کے سامنے دفاع پاکستان اور استحکام پاکستان کے نام پر جمع ہوتے ہیں اور پاکستان پر حکمران مافیا انکی سرپرستی کرتا ہے۔
علامہ سید جواد نقوی کا کہنا تھا کہ علامہ محمد اقبال پاکستان معرض وجود میں آنے سے قبل اس دنیا سے چلے گئے، آج بھی پاکستان کی حالت دیکھ کر انکی روح تڑپ جاتی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ہر پاکستانی کا فرض ہے کہ علامہ اقبال کے تصور کے مطابق پاکستان میں خالص اسلامی بنیادوں پر نظام کے نفاذ کے لئے کردار ادا کرے، آج اقبال کے پاکستان کو سیکولر عناصر اور مذہبی جنونیوں کے چنگل سے آزاد کرانے کی ضرورت ہے۔ یوم آزادی کی تقریب میں جامعہ کے طلاب، اساتذہ اور تحریک بیداری امت مصطفٰی کے کارکنون کے علاوہ عام لوگوں کی بڑی تعداد شریک تھی۔ تقریب کے لئے اسٹیج اور ہال پاکستانی پرچم کے رنگوں سے سجایا گیا تھا۔

7:29 صبح نومبر 2, 2026
بریکنگ نیوز:
اوپر تک سکرول کریں۔