مشرق وسطی

شام کی مسلح افواج نے دہشت گردوں کے خلاف اپنی کارروائی جاری رکھتے ہوئے درجنوں دہشت گردوں کو واصل جہنم کر دیا۔

رپورٹوں کے مطابق شام کی فوج اور عوامی رضاکار فورس کے جوانوں نے ادلب کے مضافات میں واقع کفریا اور الفوعہ پر دہشت گردوں کے حملوں کو ناکام بنا دیا۔ اس کارروائی میں متعدد دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔ عوامی رضاکار فورس نے بھی دہشت گردوں کی ایک سرنگ کا انکشاف کیا ہے جو کفریا دیہات کو الفوعہ سے جوڑتی ہے تاہم سرنگ میں روپوش متعدد دہشت گرد ہلاک کردیئے گئے۔ دوسری جانب مزاحمتی فورسز نے قصر بیت طلاحہ میں واقع بنش اور طاعوم بستیوں کی جانب پیش قدمی کرنے والے دہشت گردوں کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔ دہشت گردوں نے جوابی کارروائی میں کفریا اور الفوعہ پر گولہ باری کا سلسلہ شروع کر دیا جس کے نتیجے میں دو بچے سمیت چھے عام شہری جاں بحق ہو گئے۔ شام کے جنوبی صوبے ریف دمشق سے موصولہ خبروں کے مطابق شامی فوج، حزب اللہ کی مدد سے الزبدانی میں اپنی پیش قدمی جاری رکھے ہوئے ہے۔ اس کارروائی میں الزبدانی شہر کے شمالی علاقے میں مختلف عمارتوں سے دہشت گردوں کا صفایا کر دیا گیا۔ شام کی فوج اور حزب اللہ کے جوانوں نے دہشت گردوں کے متعدد ٹینکوں کو بھی تباہ کر دیا جو دیرالزغب علاقے میں داخل ہونا چاہتے تھے۔ حلب سے موصولہ رپورٹوں کے مطابق شام کی فوج نے کویرس ایربیس پر داعش دہشت گردوں کے قبضے کی کوشش کو ناکام بنا دیا۔ اس آپریشن میں داعش سے وابستہ درجنوں دہشت گرد ہلاک کر دیئے گئے اور ان کے جنگی ساز و سامان اور خود کار ہتھیاروں کی حامل گاڑیوں کو تباہ کر دیا گیا۔ صوبہ حماہ میں بھی شام کی فضائیہ نے تل واسط، تل زجرم، العنکاوی، زیزون اور الحلوبی دیہاتوں میں واقع دہشت گردوں کے ٹھکانوں بر بمباری کرکے انہیں تباہ کر دیا۔ شام کی فضائیہ کی اس کاروائی میں بھی درجنوں دہشت گرد ہلاک ہوئے جبکہ ان کے وسائل اور گاڑیوں کو نذر آتش کر دیا گیا۔

متعلقہ مضامین

Back to top button